ٹیک کمپنیوں کی نیندیں اُڑ گئیں: نوجوان لڑکی کا گوگل اور میٹا پر مقدمہ، جیوری کے لیے فیصلہ مشکل ہو گیا

اس مقدمے کے فیصلے کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے اور سب کی نظریں جیوری کے فیصلے پر لگی ہوئی ہیں۔
شائع 24 مارچ 2026 10:06am

لاس اینجلس میں سوشل میڈیا کی لت (ایڈکشن) سے متعلق ایک بہت بڑے اور اہم مقدمے کی سماعت کے دوران جیوری نے جج کو مطلع کیا ہے کہ وہ کسی ایک فیصلے پر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس مقدمے میں دنیا کی دو بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں گوگل اور میٹا پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق جیوری نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں کس کمپنی کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

یہ قانونی کارروائی ایک نوجوان خاتون کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس کا دعویٰ ہے کہ وہ کم عمری میں ہی گوگل کے یوٹیوب اور میٹا کے انسٹاگرام کی عادی ہو گئی تھیں۔ جیوری گزشتہ ایک ہفتے سے زیادہ وقت سے اس معاملے پر غور و خوض کر رہی ہے لیکن ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے جج کیرولین بی کوہل نے جیوری کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ممکن کوشش کر کے کسی متفقہ فیصلے تک پہنچیں کیونکہ اگر وہ ناکام رہے تو اس پورے مقدمے کی سماعت نئے سرے سے کرنی پڑے گی جس میں نئے اراکین شامل کیے جائیں گے۔

اس مقدمے کے فیصلے کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ اس کا نتیجہ براہ راست ان ہزاروں دیگر کیسز پر اثر انداز ہوگا جو والدین، وکلاء اور تعلیمی اداروں نے ان ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف دائر کر رکھے ہیں۔

اگر اس کیس میں جیوری کسی نتیجے پر پہنچتی ہے تو یہ مستقبل میں سوشل میڈیا کے استعمال اور کمپنیوں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک بڑی مثال ثابت ہو سکتا ہے۔ فی الحال سب کی نظریں جیوری کے اگلے قدم پر لگی ہوئی ہیں کہ آیا وہ آپس کے اختلافات ختم کر کے کوئی فیصلہ سنا پاتے ہیں یا نہیں۔

Read Comments