جہاز اُڑانے میں 11 سالہ بچے کی مہارت نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچا دیا
کیلیفورنیا کے آکسنارڈ ایئرپورٹ سے ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس نے دنیا بھر کے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
ویڈیو میں محض 11 سال کی عمر میں رشی نامی کمسن پائلٹ کو تربیتی پرواز کے دوران ”ٹچ اینڈ گو“ لینڈنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس میں وہ ہوائی جہاز کو اتنی آسانی اور اعتماد کے ساتھ کنٹرول کر رہا ہے کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔
ٹچ اینڈ گو ایک بنیادی مگر مشکل تکنیک ہے، جس میں ہوائی جہاز کو رن وے پر مختصر لینڈنگ کے بعد دوبارہ اڑان بھرنا ہوتا ہے۔
ویڈیو میں رشی رن وے 25 پر جہاز کو ہموار طریقے سے اتارتا ہے، انسٹرکٹر نے اسے ”بہت اچھی لینڈنگ“ کہا۔
طیارے کے پہیے زمین کو چھوتے ہی رشی بڑی مہارت سے انجن کی طاقت بڑھاتا ہے، فلیپس کو ایڈجسٹ کرتا ہے اور چند لمحوں میں طیارہ دوبارہ بادلوں کی طرف گامزن ہو جاتا ہے۔
ویڈیو کو اب تک 2 ملین سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے اور دیکھنے والوں نے رشی کی مہارت اور پختگی کو سراہا ہے۔ کئی صارفین نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ بچہ زیادہ تر بڑوں سے بہتر ڈرائیو کرتا ہے۔
ویڈیو کے کیپشن کے مطابق رشی نے صرف سات سال کی عمر سے تربیت شروع کی تھی اور وہ پائلٹ بننے کے اپنے خواب کی طرف مسلسل قدم بڑھا رہا ہے۔ انسٹرکٹر اور ویڈیو دیکھنے والے دونوں رشی کی خاموش خود اعتمادی اور ڈسپلن کی تعریف کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ اگر کسی شوق کو بچپن سے ہی صحیح سمت مل جائے، تو کامیابی کی پرواز بلند ترین آسمانوں کو چھو سکتی ہے۔