جیٹ فیول کی قیمت میں بڑا اضافہ، پاکستان میں فضائی ٹکٹ 100 فیصد مہنگے ہوگئے

فیول کی قیمت 176 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 417 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی
اپ ڈیٹ 26 مارچ 2026 03:01pm

جیٹ فیول کی قیمت میں غیر معمولی اضافے کے باعث ملکی اور بین الاقوامی ایئرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

جیٹ فیول 176 روپے سے بڑھ کر 417 روپے فی لیٹر تک جا پہنچا، جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے سے فضائی سفر مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔

ایئرلائنز حکام کے مطابق فیول کی بڑھتی قیمت کے بوجھ کو ٹکٹس میں منتقل کرنا ناگزیر ہے۔ جس کی وجہ سے ایئرلائنز نے کرایوں میں 100 فیصد تک اضافے کا عندیہ دیا ہے۔

پی آئی اے نے اپنے لوکل پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج نافذ کیا ہے، جبکہ کینیڈا کے روٹس پر یہ اضافی چارج 100 ڈالر تک ہے۔

برطانیہ جانے والی پروازوں پر 75 ڈالر جبکہ سعودی عرب اور گلف کے روٹس پر 50 ڈالر تک سرچارج لگایا گیا ہے۔

نجی ایئرلائنز نے بھی 15 سے 150 ڈالر تک اضافی چارجز نافذ کر دیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ خلیجی فضائی حدود کی بندش اور فیول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ناگزیر ہے۔

ایئرلائنز کے مطابق اس اضافے کا مقصد صرف فیول کے اضافے کا بوجھ برداشت کرنا ہے، جبکہ مستقبل میں اگر فیول کی قیمت میں کمی ہوئی تو کرایوں میں بھی مناسب کمی کی جا سکتی ہے۔

Read Comments