نسیم شاہ کو متنازع بیان پر شوکاز نوٹس جاری، سینٹرل کنٹریکٹ خطرے میں پڑ گیا

بورڈ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ نسیم شاہ مقررہ وقت کے اندر اپنا جواب جمع کرائیں
اپ ڈیٹ 28 مارچ 2026 11:43am

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ سوشل میڈیا پر متنازع بیان کے بعد مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ضابطہ اخلاق اور سینٹرل کنٹریکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنا جواب جمع کرائیں، جس کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے بعد نسیم شاہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اکاؤنٹ سے ایک متنازع بیان سامنے آیا تھا، جسے بعد ازاں ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا۔ تاہم اس بیان نے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نسیم شاہ کا جواب غیر تسلی بخش ہوا تو انہیں معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز قذافی سٹیڈیم آئیں تھیں۔

اس موقع پر نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی تھی جس میں لکھا گیا کہ ’انہیں ملکہ کی طرح کیوں پروٹوکول دیا جارہا ہے‘؟

بعدازاں کچھ دیر بعد اس پوسٹ کو ڈیلیٹ بھی کردیا گیا تھا اور نسیم شاہ کی جانب سے وضاحت بھی آئی تھی  کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جسے بعد میں کامیابی کے ساتھ بحال کرا لیا گیا۔

فاسٹ باؤلر نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایڈیشن11 میں راولپنڈیز کا حصہ ہیں۔

Read Comments