نیتن یاہو کا خطے کا نقشہ بدلنے کا دعویٰ، جنوبی لبنان پر قبضہ پھیلانے کا حکم

میں نے کہا تھا کہ ہم مشرق وسطیٰ کا نقشہ بدل دیں گے اور ہم نے ایسا کر دکھایا ہے: اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو
اپ ڈیٹ 30 مارچ 2026 12:01am

اسرائیل نے اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت جنوبی لبنان میں موجود صیہونی افواج کو مزید علاقے پر کنٹرول کا حکم دے دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی دفاعی افواج جنوبی لبنان کے اندر کم از کم پانچ مقامات پر قابض ہیں، جو نومبر 2024 کی جنگ بندی کے بعد بھی خالی نہیں کیے گئے تھے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ اسرائیل لبنان میں اپنے بفر زون کو مزید وسعت دے گا۔ اپنے بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ حالیہ جنگوں کے دوران اسرائیل نے اپنی سیکیورٹی حکمت عملی میں بنیادی تبدیلی کی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے دنیا کے سامنے اپنے توسیع پسندانہ عزائم واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کہا تھا کہ ہم مشرق وسطیٰ کا نقشہ بدل دیں گے اور ہم نے ایسا کر دکھایا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب اسرائیل دفاع کے بجائے پیشگی کارروائی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور لبنان، غزہ اور شام میں دشمن کے علاقوں کے اندر تین سیکیورٹی زون قائم کیے گئے ہیں۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اب حملے کرنے میں پہل کرنے کی حکمت عملی بنائی ہے اور ہم مخالفین کے علاقوں کے اندر موجود ہیں۔

دوسری جانب الجزیرہ نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی افواج جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں پیش قدمی کر رہی ہیں۔ جس سے جنوبی لبنان میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ لبنان میں تقریباً 12 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ جنوبی لبنان کے رہائشی ہیں جنہیں اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کے مختلف شہروں میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف مظاہرے بھی شروع ہوچکے ہیں۔ ہفتے کے روز تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں شامل ہزاروں افراد نے ایران کے ساتھ جاری جنگ فوری طور پر جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوششوں کے دوران مختلف مقامات پر مظاہرین اور اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی دیکھنے میں آئیں۔

Read Comments