سیکیورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر شاہین شاہ آفریدی پر جرمانہ عائد

لاہور قلندرز نے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کردیا۔
شائع 30 مارچ 2026 10:54pm

لاہور قلندرز نے ہوٹل میں سیکیورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی پرایکشن لیتے ہوئے کپتان شاہین شاہ آفریدی پر جرمانہ عائد کردیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) میں لاہور قلندر نے سیکیورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر اپنی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق یہ فیصلہ اندرونی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا گیا۔ تحقیقات میں سیکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر کپتان کے خلاف مالی جرمانہ لگایا گیا۔

لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے اپنے اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سکندر رضا کے مہمانوں کو شاہین آفریدی سیکیورٹی کے منع کرنے کے باوجود پلیئرز روم میں لے گئے تھے۔

لاہور قلندرز کے مطابق یہ کارروائی احتساب اور ڈسپلن کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، لاہور قلندرز سیکیورٹی پروٹوکولز کا احترام کرتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ڈسپلنری کمیٹی نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے خلاف سینٹرل کانٹریکٹ کی خلاف ورزی کے الزام پر کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے،

ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق نسیم شاہ نے بورڈ کی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے جس کی وجہ سے یہ سزا دی گئی۔

26 مارچ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے افتتاحی میچ کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قذافی سٹیڈیم آمد کے موقع پر نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی تھی جس میں لکھا گیا کہ ’انہیں ملکہ کی طرح کیوں پروٹوکول دیا جارہا ہے‘؟

Read Comments