گوگل پکسل 11 کی پہلی جھلک لیک: نئے ڈیزائن اور فیچرز کی تفصیلات سامنے آ گئیں
گوگل کے اگلے فلیگ شپ فون پکسل 11 کی تصاویر اور تفصیلات اس کی لانچ سے پہلے انٹرنیٹ پر سامنے آگئی ہیں۔ لیک رپورٹس کے مطابق پکسل 11 گزشتہ سال کے پکسل 10 کی طرح ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کے بغیر آئے گا لیکن کچھ چھوٹے اور جدید بہتریاں اس میں شامل ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ فون گزشتہ سال کے پکسل 10 کی طرح ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کے بغیر آئے گا، لیکن کچھ چھوٹے جدید اپڈیٹس اس میں شامل کیے گئے ہیں۔
لیک تصاویر کے مطابق پکسل 11 میں کیمرہ ماڈیول فون کی پوری چوڑائی تک پھیلا ہوا ہوگا، تاہم کیمرہ کے گرد بارڈر لائن پہلے کے مقابلے میں پتلی اور سامنے کی جانب سیاہ رنگ کی ہوگی۔ پاور بٹن والیوم بٹن کے اوپر رکھا گیا ہے، جو زیادہ تر اینڈرائیڈ فونز میں عام نہیں۔ فون کی موٹائی تقریباً 8.5 ملی میٹر متوقع ہے اور فلیٹ میٹل فریم دیا جائے گا۔
ڈسپلے اور فرنٹ ڈیزائن کے حوالے سے پکسل 11 کے فرنٹ میں پکسل 10 کے مقابلے میں باریک بیزلز نظر آتے ہیں، جس سے یہ سامسنگ گلیکسی ایس 26 اور آئی فون 17 جیسے فونز کے برابر ہوگا۔
فون میں 6.3 انچ کا ایل ٹی پی او ایم او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا، جو روشن اور توانائی کی بچت کے ساتھ کمپیکٹ ہوگا۔
پرفارمنس اور خصوصیات کی بات کی جائے تو یہ پکسل 11 میں گوگل کا نیا ٹینسر جی6 چپ سیٹ استعمال ہونے کی توقع ہے، جس میں 7 کور سی پی یو موجود ہوگا۔ سامسنگ موڈیم کی جگہ ممکنہ طور پر میڈیا ٹیک ایم 90 دیا جائے گا۔ فون میں 12 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج سے آغاز متوقع ہے۔ بیٹری 5,000mAh کی ہوگی، جو کچھ فونز کے مقابلے میں کم لیکن گلیکسی ایس 26 سے زیادہ ہے۔
گوگل پکسل 11 سیریز اگست 2026 میں لانچ ہونے کی توقع ہے۔ قیمت کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی معلومات نہیں ہیں، لیکن گزشتہ سال گوگل پکسل 10 تقریباً 2 لاکھ 88 ہزار میں لانچ ہوا تھا، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پکسل 11 کی قیمت اسی حد میں ہو سکتی ہے۔