آسٹریلوی وزیراعظم کا پیٹرولیم بحران کے باعث ریلیف پیکجز کا اعلان
آسٹریلیا کے وزیراعظم اینتھونی البانیز نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے ایک اہم خطاب کیا ہے جس میں انہوں نے عوام کو درپیش مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کی تفصیلات بتائی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ فطری طور پر آسٹریلیا ایک پرامید ملک ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت مثبت رہنا مشکل ہو رہا ہے کیونکہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ آسٹریلیا اس جنگ میں براہِ راست شامل نہیں ہے لیکن ہر آسٹریلوی شہری کو اس کی وجہ سے مہنگائی کی صورت میں بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔
اینتھونی البانیز نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بڑے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے پیٹرول پر عائد ٹیکس یعنی فیول ایکسائز ڈیوٹی کو فوری طور پر آدھا کر دیا ہے جس سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 26 سینٹ کی کمی آئے گی اور یہ بچت پیٹرول پمپوں پر نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹرک مالکان کے لیے روڈ یوزر چارجز کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ دونوں اقدامات اگلے تین ماہ تک لاگو رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں ایندھن کی پیداوار بڑھانے اور علاقائی تجارتی تعلقات کے ذریعے مزید پیٹرول، ڈیزل اور کھاد آسٹریلیا لانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے تاکہ سپلائی میں خلل نہ پڑے۔
وزیراعظم نے آسٹریلوی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان مشکل حالات میں ایک دوسرے کا خیال رکھیں اور اپنی ضرورت سے زیادہ ایندھن ذخیرہ نہ کریں۔
انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی معمول کے مطابق گزاریں اور اگر ممکن ہو تو کام پر جانے کے لیے اپنی گاڑی کے بجائے بس یا ٹرین کا استعمال کریں تاکہ ملک کے ایندھن کے ذخائر میں اضافہ ہو سکے اور وہ ایندھن ان لوگوں کے کام آ سکے جن کے پاس گاڑی چلانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، جیسے کسان، نرسیں اور شفٹوں میں کام کرنے والے مزدور۔
اپنے خطاب کے آخر میں وزیراعظم نے عوام کو حقیقت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے مہینے آسان نہیں ہوں گے اور کوئی بھی حکومت ان معاشی جھٹکوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کا وعدہ نہیں کر سکتی۔
تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت آسٹریلیا کو اس عالمی بحران کے بدترین اثرات سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی عوام ہمیشہ کی طرح مل کر کام کر کے اور ایک دوسرے کا سہارا بن کر ان عالمی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔