لبنان: اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر اسماعیل ہاشم شہید
بیروت میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر یوسف اسماعیل ہاشم شہید ہو گئے، جس کی تنظیم نے تصدیق کی، جب کہ لبنان میں جھڑپیں تیز ہو گئیں اور دونوں جانب حملوں، جانی نقصان اور جوابی کارروائیوں کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بیروت میں ایک حملے کے دوران حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر الحاج یوسف اسماعیل ہاشم (الحاج صادق) کو شہید کر دیا ہے، جس کی بعد میں حزب اللہ نے بھی تصدیق کرتے ہوئے انہیں اسلامی مزاحمت کا چراغ قرار دیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اسماعیل ہاشم حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے کمانڈر تھے اور انہیں اسرائیلی بحریہ نے نشانہ بنایا۔ یہ حالیہ جنگ کے دوران حزب اللہ کو پہنچنے والے بڑے دھچکوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق اسماعیل ہاشم اس وقت دیگر کمانڈرز کے ساتھ ایک اجلاس میں موجود تھے جب حملہ کیا گیا، جس میں مزید کئی اہلکار بھی مارے گئے۔ اس حملے میں کم از کم سات افراد جاں بحق اور 26 بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر لبنان میں جاری جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 48 اہلکار زخمی ہوئے، جب کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 10 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 309 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے، جن میں رباعہ ثلاثین کے علاقے میں ایک توپ خانے کے مرکز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ کے مطابق اس کے جنگجوؤں نے عیناتا کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون مار گرایا اور بفلے کے علاقے میں ایک جنگی طیارے کا بھی مقابلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ جنگ میں لبنان میں بارہ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار دو سو ساٹھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔