ایران کے سابق وزیر خارجہ امریکی حملوں میں شدید زخمی، اہلیہ شہید

کمال خرازی حملے کے وقت اپنی رہائش گاہ میں موجود تھے: اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ
اپ ڈیٹ 02 اپريل 2026 11:24am

ایران پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں اہم شخصیات اور شہری علاقوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ترک نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق تہران میں اسرائیلی فضائی حملے کے دوران ایران کے سابق وزیر خارجہ کمال خرازی شدید زخمی ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ شہید ہوگئیں۔

ٹائمز آف اسرائیل نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کمال خرازی حملے کے وقت اپنی رہائش گاہ میں موجود تھے جب اسرائیلی فضائیہ نے انہیں نشانہ بنایا۔

رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے کے بعد کمال خرازی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

کمال خرازی اس وقت ایرانی حکومت کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ وہ 1997 سے 2005 تک ایران کے وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی حملوں میں ایران کے دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

صوبہ فارس میں ہونے والے فضائی حملے کے نتیجے میں 4 افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ اسی طرح صوبہ ہرمزگان میں واقع ایک بندرگاہ پر حملہ کیا گیا، جہاں 5 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایران پر جاری ان حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ کسی بھی بڑے ردعمل کے خدشات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں۔

Read Comments