ہر صورتحال کے لیے تیار ہیں، امریکی سفارت کاری محض ایک ڈھونگ ہے: ایران کا ٹرمپ کو جواب

امریکی مذاکراتی دعوے مسترد، ایران کا کہنا ہے کوئی بات چیت جاری نہیں
اپ ڈیٹ 02 اپريل 2026 12:36pm

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفارت کاری محض ایک ڈھونگ ہے۔

پریس ٹی وی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کہا کہ امریکا کی جانب سے ماضی میں ایران کے ساتھ کیے گئے سفارتی وعدوں کی خلاف ورزی کی گئی، جن میں 2015 کے جوہری معاہدے سے علیحدگی بھی شامل ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا نے مذاکرات کے دوران ہی اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف کارروائیاں کیں۔

ترجمان نے ایران پر جاری امریکی حملوں کو ’’وحشیانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کے اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں کہ ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت کوئی بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ثالثوں کے ذریعے ملنے والے پیغامات میں امریکا کی جانب سے غیر معقول اور یکطرفہ مطالبات کیے جا رہے ہیں، جن میں ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو ترک کرنا اور اس کے میزائل دفاعی نظام کو محدود کرنا شامل ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ایرانی عوام ان پیغامات کو شدید شکوک و شبہات کی نظر سے دیکھتے ہیں اور اس وقت ایران کی پوری توجہ اپنی سرزمین اور خودمختاری کے دفاع پر مرکوز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے بعد ایران نے ’’آپریشن ٹرو پرومس 4‘‘ کے تحت جوابی اقدامات شروع کیے ہیں، جن کے دوران اب تک درجنوں مراحل میں اہم امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

Read Comments