’ہالی ووڈ کے فریب سے باہر نکل آئیں‘، ایران کا امریکی دھمکی پر کرارا جواب
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سیکریٹری جنگ پیٹ ہیگسیتھ کی جانب سے ایران کو شدید حملوں کی دھمکی پر ایران کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایران کے پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ماجد موسوی نے صدر ٹرمپ اور پیٹ ہیگسیتھ کے سخت بیانات کے جواب میں کہا ہے کہ ایرانی تہذیب کو ختم کرنا محض ایک خام خیالی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
بریگیڈیئر جنرل ماجد موسوی نے امریکی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’ہالی ووڈ کے فریب نے آپ کے ذہنوں کو اس قدر زہر آلود کر دیا ہے کہ آپ اپنی معمولی 250 سالہ تاریخ کے ساتھ 6 ہزار سال پرانی تہذیب کو دھمکا رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران کو پتھر کے دورمیں دھکیلنے کی بات کرتا ہے درحقیقت وہ اپنے ہی فوجیوں کو قبروں میں اتار رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو ’پتھر کے دور‘ میں دھکیلنے کی دھمکی کے بعد امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں ’پتھر کے دور میں واپسی‘ کا بیان شیئر کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ’ایران کے نئے رہنما نے امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے تاہم اس پر اسی صورت میں غور کیا جائے گا جب آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور آزاد ہوگی۔ ورنہ ہم ایران کو پتھر کے دور میں واپس دھکیل دیں گے‘۔
یاد رہے کہ ایران پر 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے فضائی حملوں سے شروع ہونے والی جنگ اب اپنے پانچویں ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔
ان حملوں کے جواب میں ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکا اور اتحادی ممالک کے جہازوں کی آمدورفت روک رکھی ہے، جو کہ دنیا بھر کی 20 فیصد تیل اور گیس کی فراہمی کا اہم تجارتی راستہ ہے۔ اس پابندی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور بھارت اور چین جیسی اہم مارکیٹوں میں توانائی کے بحران کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔