لاکھوں ایرانی ملک کے دفاع کے لیے ہتھیار اٹھانے کو تیار ہیں، باقر قالیباف

’’اگر مقابلے میں آؤ گے تو ہمارے سر بلند پاؤ گے‘‘، اس لیے سامنے آنے کا فیصلہ کر لو۔‘‘، امریکا کو ایرانی اسپیکر کا دوٹوک پیغام
شائع 03 اپريل 2026 10:06am

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا، جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاکھوں ایرانی ملک کے دفاع کے لیے ہتھیار اٹھانے کو تیار ہیں۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر تم ہمارے گھر کی طرف بڑھو گے تو تمہیں پورے خاندان کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’غور سے سن لو، میں نے اٹھارہ سال کی عمر میں رائفل اٹھائی اور میدانِ جنگ بھی دیکھا ہے، اگر مقابلے میں آؤ گے تو ہمیں سر بلند پاؤ گے، اس لیے سامنے آنے کا فیصلہ کر لو‘‘

قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں ایک قومی مہم کے تحت تقریباً 70 لاکھ ایرانی سامنے آ چکے ہیں، جنہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی بھی امریکی زمینی حملے کے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس تعداد کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم ایرانی سرکاری میڈیا اور موبائل پیغامات کے ذریعے شہریوں کو رضاکارانہ طور پر شامل ہونے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایرانی حکومت نے سابق فوجیوں کو بھی دوبارہ خدمات انجام دینے کے لیے آمادگی ظاہر کرنے کا کہا ہے، جبکہ پاسدارانِ انقلاب کی رضاکار فورس’’بسیج‘‘ میں کم عمر افراد کی شمولیت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

اُدھر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ اگر کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوئی معاہدہ جلد طے نہ پایا اور آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو امریکی فوج ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ جزیرے پر قبضہ بھی کر سکتی ہے۔

اس کے جواب میں قالیباف نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا،’’تم ہمارے گھر آؤ گے تو پورے خاندان سے سامنا ہوگا، ہم تیار ہیں، آ کر دیکھ لو۔‘‘

Read Comments