ٹوکیو تھیم پارک میں کوؤں نے ’ریپنزِل‘ کے بالوں کو کیوں نوچ ڈالا؟ ویڈیو وائرل
ٹوکیو ڈزنی سی کے تھیم پارک میں ایک نہایت ہی عجیب اور دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے، جس نے وہاں موجود سیاحوں کو حیرت زدہ کر دیا۔ پارک کے نئے حصے ’روپنزل فارسٹ‘ میں نصب مشہور کارٹون کردار ’رویپنزل‘ کے روبوٹ پر کوّوں کے ایک جوڑے نے اچانک حملہ کر دیا اور اس کے لمبے سنہری بالوں کو نوچنا شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جسے اب تک لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔ ویڈیو کے آغاز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشینی رویپنزل اپنے ٹاور کی کھڑکی میں کھڑی روایتی انداز میں گانا گنگنا رہی ہے، لیکن اسی دوران دو کوّے اس کے سر پر سوار ہو جاتے ہیں اور اپنی چونچوں سے شہزادی کے مصنوعی بالوں کے گچھے بے دردی سے نوچ کر نکالنے لگتے ہیں۔
یہ منظر دیکھنے میں الفریڈ ہچکاک کی 1963 کی مشہور ہارر فلم ’دی برڈز‘ کی یاد تازہ کر دیتا ہے۔
دلچسپ اور کسی حد تک مضحکہ خیز بات یہ تھی کہ کوّوں کی اس چھیڑ چھاڑ کے باوجود رویپنزل کا روبوٹ اپنی پروگرامنگ کے مطابق مسکراتے ہوئے سر گھما رہا تھا اور گانا گانے میں مصروف تھا، گویا اسے اپنے بالوں کے ساتھ ہونے والی اس ’ناپسندیدہ کٹنگ‘ کا ذرا بھی علم نہ ہو۔
ماہرین اور سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ کوّے غالباً اپنا گھونسلہ بنانے کے لیے نرم مواد کی تلاش میں تھے۔
چونکہ کوّے اپنے گھونسلوں کے لیے لکڑیوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے بال اور ریشے بھی استعمال کرتے ہیں، اس لیے انہوں نے ریپنزل کے ان طویل سنہری بالوں کو گھونسلہ بنانے کے لیے آئیڈیل سمجھ لیا۔
ایک اور صارف نے مزاح کا انداز اپناتے ہوئے لکھا، ”اب یہ بال یقینی طور پر الجھے ہوئے ہیں“، جو 2010 کی ڈزنی فلم رویپنزِل کا حوالہ بھی تھا۔
اس واقعے کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر رویپنزل کے اس مشینی مجسمے کو ٹاور سے ہٹا دیا ہے۔ ’انسائیڈ دی میجک‘ کے مطابق یہ ایک عارضی اقدام ہے تاکہ متاثرہ بالوں کو درست کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ مشینی روبوٹس کے ساتھ پیش آنے والا یہ حالیہ دنوں کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل پیرس ڈزنی لینڈ میں ’فروزن‘ فلم کے مشہور کردار ’اولاف‘ کا نیا روبوٹ اپنی نمائش کے دوران توازن بگڑنے کی وجہ سے پیچھے کی طرف گر گیا تھا، جس سے اس کی گاجر نما ناک ٹوٹ کر دور جا گری تھی۔