پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت، سندھ میں موٹر سائیکل مالکان کو 2000 ماہانہ دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت اور کفایت شعاری پروگرام کے تحت صوبے کے عوام کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا ہے۔ وہیں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے بھی پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیشِ نظر موٹرسائیکل مالکان کو ہر ماہ 2 ہزار روپے دیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کرنے والے شہریوں کو کسی قسم کا کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا، جس سے روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔
مزید برآں، مریم نواز شریف نے زراعت اور کسانوں کے تحفظ کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا بھی اعلان کیا ہے، تاکہ زرعی لاگت میں کمی لائی جا سکے اور کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی خصوصی ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکھنے والے شہری کو 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بحران کے باوجود ایک ماہ تک پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور نرخ برقرار رکھنا ایک بڑا اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے دوران اربوں روپے کا ریلیف دے کر عوام کو مشکلات سے بچایا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باعث پوری دنیا شدید معاشی بحران کا شکار ہے، جبکہ پاکستان درآمدی تیل پر انحصار کے باعث زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں مخلصانہ انداز میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔
اُدھرکراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مراد علی شاہ نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی دی جائے گی، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالک کو ایک ماہ میں 2 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
مراد علی شادہ نے کہا کہ موٹر سائیکل کی ٹرانسفر کو بھی مفت کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس مقصد کے لیے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ ایک ایپلیکیشن تیار کر لی ہے، جس میں شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کریں گے تو رجسٹرڈ موٹر سائیکل کی بنیاد پر انہیں 2 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں 67 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں اور سبسڈی کی رقم 15 دن کے اندر تصدیق کے بعد متعلقہ افراد کو منتقل کر دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اگر کسی موٹر سائیکل کی ملکیت اپڈیٹ نہیں ہے تو شہری 15 دن کے اندر ٹرانسفر مکمل کروا لیں۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ پیٹرول پمپس پر موٹر سائیکل سواروں کو فی لیٹر 100 روپے کم نرخ پر پٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا بلکہ سبسڈی براہِ راست نقد رقم کی صورت میں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 15 سے 20 اپریل کے درمیان فی موٹر سائیکل مالک کو 2 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا ایران پر جنگ مسلط کی گئی ہے جس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور پاکستان، تیل کی درآمدات پر زیادہ انحصار کے باعث براہِ راست متاثر ہو رہا ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم جنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطہ اور کئی اہم اجلاس منعقد کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اسلام آباد میں موجود تھے جہاں اہم فیصلے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ تین ہفتوں تک تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے فوائد بھی تھے اور نقصانات بھی، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے جنگ کے خاتمے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے اور سندھ حکومت وفاقی فیصلوں میں مکمل ساتھ دے رہی ہے۔
