تھوڑا وقت اور دیں، آبنائے ہرمز کھول کر تیل پر قبضہ کر لیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ کا نیا دعویٰ

ٹرمپ انتظامیہ پر معاشی بحران کے باعث ایران کے ساتھ جنگ کے فوری حل کیلئے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
شائع 03 اپريل 2026 06:06pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تازہ بیان میں دعویٰ کیا ہےامریکا اپنی فوجی قوت کے ذریعے آبنائے ہرمز کھلوا سکتا ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر ایران کی توانائی تنصیبات پر قبضے کا بھی ارادہ بھی ظاہر کیا ہے۔

جمعے کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھاکہ ’کچھ ہی وقت بعد ہم باآسانی آبنائے ہرمز کھول سکتے ہیں، تیل پر قبضہ کر سکتے ہیں اور خوب پیسہ کما سکتے ہیں‘۔

انہوں نے اس پیغام کا اختتام سوالیہ جملے سے کیا اور لکھا کہ ’یہ پوری دنیا کے لیے ایک تیل کا فوّارہ ثابت ہوگا؟‘۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ پر معاشی بحران کے پیشِ نظر ایران جنگ کے فوری حل کے لیے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر مشترکہ فضائی حملوں سے شروع ہونے والی اس جنگ کو تقریباً پانچ ہفتے گزر چکے ہیں۔

ایران نے حملوں کے جواب میں دنیا بھر میں تیل کی ترسیل کے اہم ترین راستے ’آبنائے ہرمز‘ کو عملاً بند کر دیا تھا۔ دنیا کی کل تیل کی کھپت کا تقریباً پانچواں حصہ اسی آبی گزرگاہ سے ہو کر گزرتا ہے۔

آبنائے ہرمز کی بندش نے خطے سمیت دنیا بھر میں شدید افراتفری پیدا کر رکھی ہے اور عالمی مالیاتی منڈیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ پر اس جنگ کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے عالمی اور داخلی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

توانائی کی عالمی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث اب اس راستے کو دوبارہ کھولنا دنیا بھر کے لیے اولین ترجیح بن چکا ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سویلین پاور پلانٹس (بجلی گھروں) کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو دہرایا تھا اور جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی واضح ٹائم لائن دینے سے گریز کیا تھا۔ دوسری جانب ایران نے بھی امریکی صدر کے بیانات پر بھرپور جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

Read Comments