امریکی حکام کی ایران میں لڑاکا طیارے کی تباہی کی تصدیق، پائلٹ کی تلاش جاری
ایران نے سرحدی صوبے کی حدود میں امریکا کے ایک جنگی طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا نے امریکی حکام کے حوالے سے جہاز گرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ امریکی افواج نے گمشدہ پائلٹ کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جو ناکام رہا، جب کہ ایرانی فورسز بھی پائلٹ کی تلاش کے لیے متحرک ہو گئی ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے امریکی حکام کے حوالے سے امریکی لڑاکا طیارے کے گرنے کی تصدیق کی ہے جب کہ جہاز کے عملے کے زندہ بچ جانے سے متعلق لاعلمی ظاہر کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے ایک امریکی عہدیدار نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع اور سینٹرل کمانڈ نے اس معاملے پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ 28 فروری کو ایران پر حملوں کے بعد یہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور غیر معمولی واقعہ ہے۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے جمعے کے روز جاری بیان میں کہا کہ اس کے جدید اور مقامی طور پر تیار کردہ فضائی دفاعی نظام نے ایران کے سرحدی علاقے میں ایک ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے کو مار گرایا ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں پائلٹ کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم اس کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ایرانی اور بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی افواج نے پائلٹ کے زندہ ہونے کے امکان کے پیشِ نظر اس کی تلاش اور ایران کی سرحدوں سے باہر نکالنے کی کوشش کی۔ نے اس آپریشن میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز اور سی 130 طیارے کے ذریعے پائلٹ کی تلاش کی کوشش کی گئی جو بے نتیجہ رہی۔
بعض میڈیا یہ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ طیارہ مار گرائے جانے کے بعد پائلٹ نے محفوظ طریقے سے ’ایجیکٹ‘ کر کے ایرانی حدود میں لینڈنگ کی تھی۔
تسنیم نیوز کے مطابق جنوب مغربی ایران کے سرحدی صوبے میں دستیاب معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی پائلٹ اسی علاقے میں موجود ہوسکتا ہے۔
تسنیم نیوز نے ہی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی پائلٹ کو ممکنہ طور پر ایرانی فورسز نے حراست میں لے لیا ہے، تاہم اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق جنوب مغربی ایران میں مقامی لوگوں نے بھی پرائیویٹ گاڑیوں میں جائے حادثہ کے آس پاس علاقے میں پہنچنے کی کوشش کی تاکہ پائلٹ کو تلاش کیا جاسکے۔
ایرانی مسلح افواج نے عوام سے امریکی پائلٹ ملنے کی صورت میں اس کے ساتھ قسم کی بدسلوکی نہ کرنے کی اپیل کی ہے جب کہ میڈیا پر امریکی پائلٹ کو ڈھونڈنے پر انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے کے مطابق ایران کے صوبے ’کوہ گیلویہ و بویراحمد‘ کے گورنر نے واضح کیا ہے کہ جو بھی شخص امریکی طیارے کے عملے کو پکڑے گا اسے خصوصی انعام اور اعزاز سے نوازا جائے گا۔
امریکی فوج یا محکمہ دفاع کی جانب سے اس واقعے کی حتمی تصدیق کی صورت میں یہ حالیہ جنگ میں ایرانی فوج کا شکار بننے والا دوسرا جب کہ مکمل تباہ ہونے والا پہلا ایف 35 طیارہ ہوگا۔
اس سے قبل امریکی میڈیا نے ایک ایف 35 کے خلیجی ملک میں واقع امریکی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی تصدیق کی تھی جب کہ ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شدید نقصان کے باعث یہ طیارہ جلد آپریشنل نہیں ہو سکے گا۔
ایرانی مسلح افواج کے دعوے کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک دو ایف 35، ایک ایف 18، دو ایف 16 اور چار ایف 15 طیارے مار گرائے جا چکے ہیں دوسری جانب امریکی فوج نے صرف تین ایف 15 اور ایک کے سی 135 ٹینکر طیارے کے نقصان کی تصدیق کی ہے۔