امریکا ایک دن میں 2 طیاروں سے محروم؛ آبنائے ہرمز کے قریب ’اے 10 وارٹ ہاگ‘ بھی تباہ

اے 10 طیارے میں صرف ایک پائلٹ سوار تھا جسے امریکی فورسز نے محفوظ طریقے سے ریسکیو کر لیا: نیو یارک ٹائمز
اپ ڈیٹ 04 اپريل 2026 12:55am

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انشکاف کیا ہے کہ جمعے کے روز خلیجِ فارس میں امریکی فضائیہ کا ایک اور لڑاکا طیارہ تباہ ہو گیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دو امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے اس دوسرے حادثے کی تصدیق کی ہے۔

حکام نے بتایا کہ امریکی فضائیہ کا ’اے 10 وارٹ ہوگ‘ جنگی طیارہ آبنائے ہرمز کے قریب اس وقت گر کر تباہ ہوا، جب ایران کی حدود میں ایک امریکی ’ایف 15 ای‘ لڑاکا طیارہ مار گرایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اے 10 طیارے میں صرف ایک ہی پائلٹ سوار تھا جسے امریکی فورسز نے محفوظ طریقے سے ریسکیو کر لیا ہے۔ تاہم حکام نے طیارے کے حادثے کے حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی یہ بتایا کہ یہ واقعہ کس طرح پیش آیا اور اس کا یہ کس مقام پر گر کر تباہ ہوا۔

اے 10 امریکی گراؤنڈ اٹیک طیارہ ہے جو خاص طور پر زمینی اہداف، بکتر بند گاڑیوں اور فوجی دستوں کے خلاف فضائی مدد فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی حکام نے امریکی اے 10 طیارے کو آبنائے ہرمز کے جنوب میں واقع سمندری حدود میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی حکام ایران کی حدود میں ایک اور جدید لڑاکا طیارے کی تباہی کی تصدیق کر چکے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق اُس طیارے میں سوار دو پائلٹس میں سے ایک کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے جب کہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

Read Comments