ایران کے تازہ حملے: اسرائیلی ایئرپورٹ اور بحری جہاز، امریکی فوجی ٹھکانے اور ڈیفنس سسٹمز نشانہ

پاسدارانِ انقلاب نے ہفتے کے روز بڑے پیمانے پر حملے کیے جس میں امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
شائع 04 اپريل 2026 08:46pm

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فوج کے ٹھکانوں، پیٹریاٹ میزائل سسٹمز اور اسرائیلی اثاثوں پر بڑے پیمانے پر نئے حملوں کا اعلان کیا ہے۔ جس میں خلیجی ممالک میں موجود امریکی کمانڈرز کے ٹھکانوں کے علاوہ اسرائیلی بحری جہاز، بن گورین ائیرپورٹ اور تل ابیب سمیت کئی اسرائیلی شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے ہفتے کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ کارروائی بحری اور ایرو اسپیس فورس کے ذریعے انجام دی گئی ہے۔

یہ حملے خطے میں موجود امریکی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل فوج اور تنصیبات پر کیے گئے، جس میں ’حاج قاسم‘، ’خیبر شکن‘ اور ’قدر‘ نامی جدید میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔

بیان کے مطابق حملوں کے اہداف میں کویت کے جزیرہ بوبیان میں تعینات امریکی ’ہیمارس‘ (HIMARS) راکٹ سسٹم، شمالی بحرین میں نصب امریکی ’پیٹریاٹ‘ میزائل ڈیفنس سسٹم اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں امریکی ساختہ میزائل سسٹمز کے آپریٹرز، اعلیٰ امریکی کمانڈرز اور انسٹرکٹرز کے خفیہ ٹھکانے شامل تھے۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’اوریکل کارپوریشن‘ کی ایک تنصیب کو بھی ان حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

کویت کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کی فضائی حدود میں 8 بیلسٹک میزائل اور 19 ڈرون داخل ہوئے، جنہیں فوج نے مار گرایا ہے۔ حکام کے مطابق ان حملوں میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

اس کے علاوہ ایرانی میزائلوں نے بحرین کی خلیفہ بن سلمان بندرگاہ پر لنگر انداز ’ایم سی ایس اشیکا‘ نامی ایک تجارتی بحری جہاز کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ جہاز بظاہر کسی تیسرے ملک کے جھنڈے تلے سفر کر رہا تھا، تاہم دراصل یہ اسرائیلی ملکیت ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کے اندر تل ابیب، بنی براک، پیتاح تکوا، رامات گان اور کریات شمونہ کے متعدد مقامات پر بھی ملٹی وار ہیڈز کے ساتھ ’قدر‘ میزائلوں کے ذریعے بھاری اور مسلسل حملے کیے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ہفتے کی شام دو گھنٹے کے دوران دو مرتبہ حملوں کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایران کی جانب سے مزید میزائل داغے گئے ہیں جو ملک کی طرف بڑھ رہے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

اسرائیل کے اہم ترین بن گورین ایئرپورٹ پر بھی بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔ جس میں ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاورز، نیوی گیشن سسٹمز اور ایئرپورٹ کے انٹینا اور ریڈارز کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے کفردونین، بنت جبیل اور برج قلاویہ سمیت متعدد علاقوں پر بمباری کی جب کہ ڈسٹرکٹ طائر کے ضلع صدیقین میں واقع قصبے پر بھی ڈرون حملے کیے ہیں۔

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں اور اہلکاروں کے اجتماعات پر متعدد حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جن میں عکہ شہر کے شمال میں واقع شراگاہ بیس بھی شامل ہے، جسے گولانی بریگیڈ کا انتظامی ہیڈکوارٹر قرار دیا جاتا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مقبوضہ کفرشوبا پہاڑیوں میں السّمّاقہ فوجی مقام کے قریب اسرائیلی افواج کو بھی ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Read Comments