کیلکولیٹر پر AC اور CE کے بٹن کس کام آتے ہیں ؟

ان کا درست استعمال وقت بھی بچاتا ہے اور غلطیوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
شائع 05 اپريل 2026 02:58pm

ہماری روزمرہ زندگی میں حساب کتاب کے لیے کیلکولیٹر اہم حصہ بن چکا ہے۔ چاہے اسکول ہو، دفتر یا کاروبار، لوگ تیز اور درست حساب کے لیے اس کا استعمال کرتے ہیں۔

عام طور پر صارفین جمع، تفریق، ضرب اور تقسیم جیسے بنیادی بٹن ہی استعمال کرتے ہیں، لیکن کیلکولیٹر میں کچھ ایسے بٹن بھی ہوتے ہیں جن کے بارے میں زیادہ تر لوگ لاعلم ہوتے ہیں، خاص طور پر AC اور CE بٹن۔

AC بٹن کیا کرتا ہے؟

عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ ’AC‘ کا مطلب صرف کیلکولیٹر کو آن کرنا ہے، لیکن تکنیکی طور پر یہ All Clear کا مخفف ہے۔ یہ بٹن اس وقت استعمال ہوتا ہے جب آپ کیلکولیٹر پر موجود تمام حساب کو مکمل طور پر ختم کرنا چاہتے ہیں۔

جیسے ہی آپ AC دبائیں گے، تمام نمبرز اور آپریشنز مٹ جائیں گے۔ کیلکولیٹر دوبارہ صفر (0) پر آ جائے گا۔ اب آپ نیا حساب شروع کر سکتے ہیں

CE بٹن کس کام آتا ہے؟

اکثر لوگ ایک لمبا حساب کرتے ہوئے آخری نمبر غلط ٹائپ کر دیتے ہیں اور پھر پورا حساب مٹا کر شروع سے شروع کرتے ہیں۔ یہیں ’CE‘ یعنی ’Clear Entry‘ کا جادو کام آتا ہے۔ یہ بٹن صرف آخری درج کیے گئے نمبر کو حذف کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

اگر آپ سے کوئی نمبر غلطی سے ٹائپ ہو جائے تو CE دبائیں اس سے صرف وہی نمبر ختم ہوگا، باقی حساب محفوظ رہے گا، آپ کو پورا حساب دوبارہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

آج کل موبائل فونز میں بھی کیلکولیٹر موجود ہوتا ہے، لیکن زیادہ تر موبائل ایپس میں AC اور CE بٹن الگ سے نہیں ہوتے۔ اسی وجہ سے بہت سے لوگ ان کے استعمال سے واقف نہیں ہوتے۔

اسمارٹ فونز کے کیلکولیٹر میں اکثر یہ دونوں بٹن نظر نہیں آتے۔ وہاں عام طور پر ’C‘ کا بٹن ہوتا ہے جو ایک بار دبانے پر ’CE‘ (آخری انٹری مٹانا) اور دو بار دبانے پر ’AC‘ (سب کچھ مٹانا) کا کام کرتا ہے۔

کیلکولیٹر کے یہ چھوٹے بٹن دراصل بہت کارآمد ہیں اور حساب کو آسان بناتے ہیں۔ اگر ان کا درست استعمال سیکھ لیا جائے تو وقت بھی بچتا ہے اور غلطیوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اب بھی بڑی تعداد میں لوگ ان کے اصل مقصد سے ناواقف ہیں۔

Read Comments