نئی ڈیڈلائن: ایران ’منگل تک‘ آبنائے ہرمز کھولے ورنہ سب کچھ اڑا دیں گے: صدر ٹرمپ

ایران سے منگل تک کوئی معاہدہ ہوجائے گا ورنہ سب کچھ اڑا تباہ کر دیں گے: صدر ٹرمپ کی امریکی صحافیوں سے گفتگو
اپ ڈیٹ 05 اپريل 2026 11:42pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدے اور آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن میں پھر توسیع کرتے ہوئے منگل کی رات 8 بجے تک کا وقت مقرر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد وہ ایران کے پُل اور پاورپلانٹس تباہ کر دیں گے۔ امریکی صدر اب تک ایران کو دیے گئے الٹی میٹم میں 4 مرتبہ توسیع کرچکے ہیں۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے ہفتے کے روز ایران کو 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، جو پیر کی صبح ختم ہونی تھی۔

اب صدر ٹرمپ نے اتوار کی شب اپنے سوشل پلیٹ فارم پر مختصر پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے اس ڈیڈ لائن میں 24 گھنٹے کا اضافہ کرتے ہوئے لکھا ’منگل، رات 8 بجے (ایسٹرن ٹائم)!‘

یہ مہلت ایرانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح ساڑھے 3 بجے جب کہ پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بجے ختم ہوگی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو متعدد خبر رساں اداروں کو بیانات دیے ہیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر منگل تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا تو ایران کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا جائے گا۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کو دیے گئے ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہونے کا قوی امکان ہے لیکن ناکامی کی صورت میں وہ ایسا تباہ کن حملہ کریں گے جو اہم بنیادی ڈھانچوں کو تباہ کر کے رکھ دے گا۔

امریکی صحافی باراک ریوڈ سے 8 منٹ پر محیط اس فون کال میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کے ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ بات چیت پاکستانی، مصری اور ترک ثالثوں کے علاوہ ٹرمپ کے مشیروں اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے بھی ہو رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ چند روز قبل دونوں ممالک براہِ راست مذاکرات کے قریب تھے لیکن ایران نے 5 دن بعد ملنے کا کہا تو انہیں لگا کہ ایران سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے سوچا 5 دن کیوں؟ اس لیے میں نے ان کا پُل اڑانے کا حکم دے دیا‘۔

رپورٹ کے مطابق جب اُن سے سوال کیا گیا کہ ’انہیں بے گناہ ایرانی شہریوں کو نقصان پہنچانے پر تشویش ہے؟‘ تو ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ایرانی شہری حکومت کو کمزور کرنے کے لیے ایسے حملوں کی حمایت کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ خوف میں جی رہے ہیں۔ وہ ڈرتے ہیں کہ ہم جنگ کے بیچ میں ہی انہیں چھوڑ کر چلے جائیں گے، لیکن ہم نہیں جائیں گے‘۔

دوسری جانب ایران نے امریکی صدر کی جانب سے شہری انفراسٹرکچر اور پاورپلانٹس کو تباہ کرنے کی دھمکیوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ ایسا کیا گیا تو ایران بھی جوابی حملوں میں تیزی لائے گا اور تباہ کُن حملے کرے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالبیاف نے ’ایکس‘ پر ردعمل میں صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے کہا کہ ’آپ کی حرکتیں امریکی شہریوں کو زندہ جہنم میں دھکیل رہی ہیں اور اس سے پورا خطے جل جائے گا، کیوں کہ آپ نیتن یاہو کے احکامات پر عمل کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ایسی کوئی غلطی مت کیجئے گا، آپ کو جنگی جرائم سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اس تنازع کا واحد حل ایرانی عوام کے حقوق کا احترام اور اس خطرناک کھیل کو ختم کرنا ہے‘۔

اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے ساتھ گفتگو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی جانب سے ایران میں حکومت مخالف مظاہرین کو اسلحہ فراہم کرنے کی بھی تصدیق کی ہے۔

فاکس نیوز کے صحافی ٹرے یِنگسٹ کے مطابق انہوں نے صدر ٹرمپ سے 15 منٹ گفتکو کی جس دوران انہوں نے ایران سے مذاکرات کے حوالے سے پسِ پردہ کوششوں کے بارے میں بتایا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے وہ لوگ جو ان سے رابطے میں ہیں اور ڈیل چاہتے ہیں انہیں نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی پیر تک ایران کے ساتھ ڈیل ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیل نہ ہوئی ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک جھٹکے میں سب کچھ تباہ کر دیں گے، آپ کو ہر طرف پُل اور پاورپلانٹس تباہ ہوتے نظر آئیں گے اور ہم ان کے تیل پر بھی قبضہ کرلیں گے۔

اگرچہ صدر ٹرمپ مذاکرات میں پیش رفت کا دعویٰ کر رہے ہیں، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے فی الحال ان دعوؤں کی باقاعدہ کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

صحافی ٹرے یِنگسٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے انہیں ایران پر حملوں سے قبل ہونے والے مظاہروں کے دوران امریکا کے پسِ پردہ آپریشنز سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا نے ایران میں احتجاج کو ہوا دینے اور پُر تشدد بنانے کے لیے کُردوں کے ذریعے بڑی تعداد میں بندوقیں ایران پہنچانے کی کوشش کی تھی۔

امریکی صدر نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ کُردوں نے وہ ہتھیار اپنے پاس ہی رکھ لیے۔

دوسری جانب اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر پیغامات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو انتہائی سخت اور نازیبا الفاظ میں دھمکی دی ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو فوری طور پر نہ کھولا گیا تو منگل کے روز ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں پر قیامت ڈھا دی جائے گی۔

Read Comments