پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز نے راولپنڈیز کی پہلی جیت کا خواب بھی چکنا چور کردیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ایڈیشن میں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، ملتان سلطانز نے راولپنڈیز کی پہلی جیت کا خواب بھی چکنا چور کر دیا، ٹورنامنٹ کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے راولپنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے صاحبزادہ فرحان اور جوش فلپ کی شاندار نصف سنچریوں نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
صاحبزادہ فرحان نے 68 اور جوش فلپ نے56 رنز کی اننگز کھیلی، اسٹیو سمتھ 5 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، شان مسعود 27 اور آسٹن ٹرنر 26 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جب کہ راولپنڈیز کے محمد عامر نے دو جبکہ عامر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل راولپنڈیز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 182 رنز بنائے، جس میں سیم بلنگ نے 56 ناٹ آوٹ، کامران غلام نے 35، ڈین فورسٹر نے 24، محمد رضوان نے 19، ڈیرل مچل نے 17 اور عبداللہ فضل نے 14 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے فیصل اکرم نے چار، عرفات منہاس نے دو، پیٹر سیڈل، محمد اسماعیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آخر میں فاتح ٹیم کے فیصل اکرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پی ایس ایل میں منگل کے روز آرام کے بعد دوسرے مرحلے کے میچز کا آغاز 8 اپریل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا۔