’آئی پی ایل نے میرا کیریئر تباہ کر دیا‘: کیون پیٹرسن کا کرکٹ کی دنیا میں نیا دھماکہ

کیون پیٹرسن نے الزام عائد کیا کہ ای سی بی نے آئی پی ایل کے ابتدائی سالوں میں ان کے خلاف میڈیا کے ذریعے وِچ ہنٹ کا آغاز کیا تھا
شائع 07 اپريل 2026 11:32am

انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا بین الاقوامی کرکٹ کیریئر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کے معاملے پر حکام سے تنازع کے باعث قبل از وقت ختم ہوگیا تھا۔

بھارتی یوٹیوبر رنویر رنویر الہ آبادیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کیون پیٹرسن نے الزام عائد کیا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آئی پی ایل کے ابتدائی سالوں میں ان کے خلاف میڈیا کے ذریعے وِچ ہنٹ کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں ای سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی تھی، اور اس سال صرف دیمتری ماسکرینہاس ہی واحد انگلش کھلاڑی تھے جو ٹورنامنٹ میں شامل ہوئے تھے۔

بعد ازاں 2009 میں انگلینڈ نے کھلاڑیوں کو محدود تین ہفتوں کی مدت کے لیے شرکت کی اجازت دی تھی۔

کیون پیٹرسن نے 2009 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی تھی، تاہم لیگ کو ترجیح دینے کے ان کے فیصلے کے باعث ای سی بی کے ساتھ شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔

سابق کرکٹر نے بتایا کہ میں نے بڑی قربانیاں دیں، میں نے اپنا کیریئر کھو دیا، اسی وجہ سے اس نظام میں موجود ہر شخص میرے خلاف ہوگیا۔ میرا انگلینڈ کا کیریئر 33 سال کی عمر میں 104 ٹیسٹ میچز کے بعد ختم ہوگیا، حالانکہ مجھے 150 سے 160 ٹیسٹ کھیلنے چاہئیں تھے اور 12 سے 13 ہزار رنز بنانے چاہئیے تھے۔

پیٹرسن نے مزید الزام لگایا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کو ان کے خلاف استعمال کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں مزید گہرائی میں نہیں جانا چاہتے اور اب وہ ایک خوشگوار اور پُرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔

کیون پیٹرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 8,181 رنز اسکور کیے تھے، جن میں 23 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

۔

ان کا ماننا ہے کہ ان کے مؤقف نے اگرچہ ان کے کیریئر کو متاثر کیا، لیکن اس کے نتیجے میں آنے والی نسلوں کے انگلش کھلاڑیوں کو فرنچائز کرکٹ کھیلنے کی آزادی ملی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں جوس بٹلر کا انٹرویو کیا تھا، جنہوں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج کے کھلاڑی اس کے ثمرات حاصل کر رہے ہیں۔

کیون پیٹرسن آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولز اور سن رائزرز حیدر آباد کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں، جبکہ انہیں سال 2025 میں دہلی کیپیٹل کا مینٹور بھی مقرر کیا گیا تھا۔

Read Comments