وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی امریکا ایران ثالثی کے معاملے پر اہم ملاقات

شہباز شریف اور عاصم منیر کے درمیان ملاقات میں تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ جنگ بندی اور امن کو برقرار رکھیں۔
شائع 09 اپريل 2026 07:26pm

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہونے والی ثالثی کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اقدامات کا جائزہ لیا اور فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے پر تعریف کی۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہبازشریف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں خطے میں امن کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے حالیہ کشیدگی میں اب تک ہونے والی کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی اور امن کو برقرار رکھیں۔

پاکستانی قیادت نے فریقین کی جانب سے تحمل کے مظاہرے کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں فریقین کو پرامن مذاکرات کے ذریعے کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے میں ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکراتی عمل میں شامل فریقین کے عزم کو سراہا اور امن کے حصول کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جب کہ دونوں رہنماوں نے پاکستان آنے والے وفود کو اپنی دعوت کا اعادہ بھی کیا اور انہیں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم سے فرانسیسی صدر، بحرینی بادشاہ کا ٹیلی فونک رابطہ

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں عالمی رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کرانے میں پاکستان کی کامیاب کوششوں پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فرانسیسی صدر میکرون نے وزیراعظم کو ٹیلی فون کرکے اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت پر صدر میکرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا جب کہ دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری جارحیت پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔

بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ٹیلی فونک رابطے پر کہا کہ پاکستان کی کامیاب کوششوں سےخطے میں دیرپا امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا اور گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران حملوں کے تناظر میں بحرینی قیادت کی جانب سے دکھائے گئے مثالی تحمل کو سراہا۔

شہباز شریف نے حالیہ کشیدگی کے دوران بحرین میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم اور لبنانی ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے اور اسی جذبے کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

لبنان کے وزیراعظم نے امن کی کوششوں پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ پاکستان لبنان اور عوام کو نشانہ بنانے والے حملوں کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے تعاون کرے جب کہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

آسٹریا کے چانسلر کا وزیراعظم کو ٹیلی فون

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹوکر نے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی، گفتگو کے دوران وزیراعظم نے رواں سال فروری میں ویانا کے اپنے سرکاری دورے کے موقع پر ہونے والی حالیہ ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔

وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کی بھرپور تائید و حمایت پر شکریہ ادا کیا جس کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی اور دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی یقینی بنی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین جنگ بندی کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کامیاب مذاکرات کے امکانات کو تقویت ملے، جو خطے اور اس سے باہر پائیدار امن اور استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔

Read Comments