چین: 89 سالہ خاتون 27ویں منزل سے ریلنگ کے سہارے نیچے اترنے لگیں، حیران کن واقعہ

جب وہ 21ویں منزل تک پہنچیں تو تھکن کے باعث وہیں رک گئیں، یہ جگہ زمین سے تقریباً 50 میٹر کی بلندی پر تھی۔
شائع 10 اپريل 2026 12:54pm

چین: بیجنگ میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 89 سالہ معمر خاتون نے کمرے میں بند ہونے کے بعد مدد کا انتظار کرنے کے بجائے 27ویں منزل سے کھڑکی کے راستے، عمارت کے بیرونی حصے پر نصب ایئر کنڈیشنرز کی حفاظتی ریلنگ کا سہارا لیتے ہوئے نیچے اترنا شروع کر دیا۔

یکم اپریل کی دوپہر کو جب عمارت کے چوکیدار اور صفائی عملے نے بلند عمارت سے غیر معمولی آوازیں سن کر اوپر دیکھا تو خاتون کو خطرناک انداز میں نیچے اترتے ہوئے پایا۔

مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس اور فائر فائٹرز کو اطلاع دی اور خاتون کو وہیں رکنے کا کہا، لیکن وہ مسلسل نیچے کی جانب سفر کرتی رہیں اور جب وہ 21ویں منزل تک پہنچیں تو تھکن کے باعث وہیں رک گئیں، یہ جگہ زمین سے تقریباً 50 میٹر کی بلندی پر تھی۔

امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر حفاظتی اقدامات شروع کیے اور سب سے پہلے خاتون کو ایک رسی کے ذریعے محفوظ طریقے سے بیلٹ کیا تاکہ ان کے گرنے کا خطرہ ختم ہو سکے۔

اس کے بعد انہوں نے 21ویں منزل کے اپارٹمنٹ کے اندر سے ریلنگ کا کچھ حصہ کاٹا تاکہ خاتون کے بیٹھنے کے لیے ایک عارضی جگہ بن سکے، جہاں انہیں جیکٹ اور پانی فراہم کیا گیا۔ تقریباً 20 منٹ آرام کرنے کے بعد، امدادی اہلکاروں نے ایک اسٹریچر کی مدد سے کھڑکی اور ریلنگ کے درمیان پل بنایا اور خاتون کو بحفاظت عمارت کے اندر منتقل کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق، یہ خاتون 27ویں منزل پر اکیلی رہتی تھیں اور غلطی سے بیڈ روم کا دروازہ لاک ہونے کی وجہ سے اندر پھنس گئی تھیں۔ چونکہ ان کا موبائل فون دوسرے کمرے میں رہ گیا تھا، اس لیے وہ کسی کو مدد کے لیے نہیں بلا سکیں اور انہوں نے ریلنگ کے ذریعے نیچے اترنے کا انتہائی خطرناک فیصلہ کیا۔

خوش قسمتی سے وہ مکمل طور پر محفوظ رہیں، اور ان کی یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جہاں صارفین نے کمنٹس میں انہیں ”سپر گرینڈ مدر“ جیسے خطاب لکھے۔

Read Comments