صبح کی چائے یا کافی سے پہلے دانت برش کرنا کیوں ضروری ہے؟
ہم میں سے اکثر لوگوں کا دن تب تک شروع نہیں ہوتا جب تک ہاتھ میں کافی کا گرما گرم کپ نہ ہو۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کافی پینے کے فوراً بعد دانت برش کرنے کی عام عادت آپ کے دانتوں کی چمک ختم کر رہی ہے؟
امریکی ماہرِ دندان ساز ڈاکٹر مارک برہن نے صبح کے معمول سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ کافی پینے کے بعد نہیں بلکہ پہلے برش کرنا دانتوں کی صحت کے لیے بہتر ہے۔
ڈاکٹر مارک کے مطابق، کافی میں تیزابیت ہوتی ہے جس کا پی ایچ لیول 5 کے قریب ہوتا ہے۔ جب یہ تیزابیت دانتوں کے رابطے میں آتی ہے، تو دانتوں کی اوپری حفاظتی تہہ (انیمل)عارضی طور پر نرم ہو جاتی ہے۔
دانتوں کی یہ حفاظتی تہہ دوبارہ سخت ہونے میں 30 سے 40 منٹ لیتی ہے۔ اگر آپ اس دوران برش کرتے ہیں، تو آپ دانت صاف نہیں کر رہے ہوتے بلکہ دانتوں کی اس نرم پڑ جانے والی حفاظتی تہہ کو رگڑ کر اتار رہے ہوتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ دن میں دو بار برش کرنے کے باوجود دانت آہستہ آہستہ پیلے پڑنا شروع ہو جاتے ہیں، کیونکہ انیمل کی تہہ گھس جاتی ہے۔
ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ جب انسان رات بھر کے بعد صبح اٹھتا ہے تو منہ میں بیکٹیریا کی ایک تہہ موجود ہوتی ہے
اگر آپ برش کیے بغیر کافی پیتے ہیں، تو کافی کی رنگت اور اس میں موجود دودھ کی پروٹینز اس چپچپی تہہ کے ساتھ مل کر دانتوں پر گہرے داغ بنا دیتی ہیں۔
پہلے برش کرنے سے یہ تہہ ختم ہو جاتی ہے، جس سے کافی کے اثرات دانتوں پر نہیں جم پاتے۔
اگر آپ اپنی صبح کی کافی کی عادت نہیں بدل سکتے، تو اپنی مسکراہٹ بچانے کے لیے درج ذیل طریقے اپنائیں
پانی کا استعمال: کافی پینے کے دوران ساتھ ساتھ پانی کے گھونٹ بھرتے رہیں۔ یہ منہ میں تیزابیت کے اثر کو کم کرتا ہے اور دانتوں کی ریکوری کا وقت مختصر کر دیتا ہے۔
تیل سے کلی: ڈاکٹر مارک نے ’ایم سی ٹی‘ آئل سے کلی کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے، جو بغیر کسی رگڑ کے دانتوں کی صفائی میں مدد دیتا ہے۔
اگر آپ کافی کے بعد ہی برش کرنا چاہتے ہیں، تو کم از کم 40 منٹ تک انتظار کریں تاکہ دانتوں کی سطح دوبارہ سخت اور مضبوط ہو جائے۔
آپ کی صبح کی ایک چھوٹی سی تبدیلی یعنی ”پہلے برش اور پھر کافی“ آپ کے دانتوں کو طویل عرصے تک مضبوط، سفید اور چمکدار رکھ سکتی ہے۔