’عارضی جنگ بندی نہیں، اب مکمل ڈیل ہوگی‘: ٹرمپ کا سیز فائر میں توسیع سے انکار

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے، امریکی صدر
اپ ڈیٹ 15 اپريل 2026 11:32am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی میں توسیع کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عارضی جنگ بندی کے بجائے مستقل معاہدہ زیادہ بہتر حل ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے۔

مغربی ایشیا میں نازک امن کوششوں کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی میں توسیع پر غور نہیں کر رہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’اے بی سی نیوز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنگ بندی بغیر توسیع کے بھی ختم ہو سکتی ہے، تاہم ان کے نزدیک ایک مستقل معاہدہ زیادہ موزوں ہے۔

انہوں نے کہا، ’یہ کسی بھی طرح ختم ہو سکتی ہے، لیکن میرے خیال میں معاہدہ بہتر ہے کیونکہ اس کے بعد وہ دوبارہ تعمیر کر سکتے ہیں۔‘

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران اسلام آباد میں امن مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس سے قبل ہونے والے پہلے دور میں ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی، جو وائٹ ہاؤس کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔

آئندہ مذاکرات کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ نے جوناتھن کارل سے گفتگو میں کہا، ’مجھے لگتا ہے کہ آپ اگلے دو دنوں میں حیران کن پیش رفت دیکھیں گے۔‘

امریکی صدر نے ایک بار پھر یہ دعویٰ بھی دہرایا کہ امریکی اقدامات کے نتیجے میں ایران میں مؤثر طور پر حکومت میں تبدیلی آ چکی ہے اور ان کے بقول ’شدت پسند عناصر کو ختم کر دیا گیا ہے۔‘آ

انہوں نے کہا، ’اب وہاں ایک مختلف حکومت ہے، ہم نے شدت پسندوں کو ہٹا دیا ہے، وہ اب موجود نہیں ہیں۔‘

Read Comments