ایران سے مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث، اگلا راؤنڈ اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے: وائٹ ہاؤس

جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی خبریں غلط ہیں: ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ کی پریس کانفرنس
شائع 15 اپريل 2026 11:57pm

ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان براہ راست بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، ایران سے مذاکرات میں پاکستانی واحد ثالث ہے، پاکستان ثالثی میں بہترین اور غیر معمولی ثابت ہوئے ہیں، مذاکرات کا اگلا راونڈ اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے جب کہ جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی خبریں غلط ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے پرامید ہے اور دونوں کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ اگلا مذاکراتی دور اسلام آباد میں متوقع ہے تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے بعض میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی جنگ بندی میں توسیع کی درخواست نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث ہے، پاکستانی مذاکرات میں غیرمعمولی ثالث ثابت ہوئے ہیں، جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔

کیرولین لیویٹ کے مطابق آبنائے ہرمز میں پابندیاں ایران کی بندرگاہوں پر آنے اور جانے والے تمام ممالک کے جہازوں پر نافذ کی جا رہی ہیں، جب کہ غیر ایرانی بندرگاہوں کی جانب جانے والے جہازوں کے لیے آزادانہ نقل و حرکت کی حمایت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور مذاکرات کے ذریعے پیش رفت کی امید کی جا رہی ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ چینی صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کو یقین دلایا کہ چین ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے مابین مذاکرات کی کوششیں مزید تیز ہوگئی ہیں۔ دونوں مملک کے درمیان اسلام آباد میں بات چیت کا دوسرا دور آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔ 

اسی سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ جس کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف 18 اپریل تک سعودی عرب کے بعد قطر اور ترکیہ کا بھی سرکاری دورہ کریں گے۔

دوسری طرف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی اہم سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا دورۂ ایران جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفد کے دیگر اراکین بھی تہران پہنچے ہیں۔

Read Comments