معذور بچی کی وہ مسکراہٹ جس نے سوشل میڈیا کو رلا دیا

کھکھلاتی ہنسی بتا رہی ہے کہ وہ اپنے دوستوں کی خوشی میں پوری طرح شریک ہے۔
شائع 16 اپريل 2026 12:20pm

انٹرنیٹ کی دنیا میں جہاں اکثر افراتفری اور ہنگامہ خیز خبریں گردش کرتی ہیں، وہیں ایک ننھی پری کی معصوم ہنسی نے انسانیت اور ہمت کی ایک نئی داستان رقم کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک معذور بچی کی ہمت دیکھ کر لاکھوں صارفین کی آنکھیں بھر آئیں۔

انسٹاگرام پر شیئر ہونے والی اس مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک چھوٹی بچی سیڑھیوں کے قریب بیٹھی ہوئی ہے جبکہ اس کے دو دوست قریب ہی کھیل کود اور دوڑ بھاگ میں مصروف ہیں۔

اگرچہ وہ ان کے ساتھ دوڑ نہیں سکتی، لیکن اس کے چہرے کی چمک اور کھکھلاتی ہنسی یہ بتا رہی ہے کہ وہ اپنے دوستوں کی خوشی میں پوری طرح شریک ہے۔

۔

ویڈیو کے خالق نے ایک بہت ہی جذباتی کیپشن لکھا: ”وہ بس بیٹھ کر انہیں کھیلتے ہوئے دیکھتی ہے اور اپنے دوستوں کے ساتھ اس طرح ہنستی ہے جیسے اسے اپنی محرومی کا کوئی غم ہی نہ ہو۔“

بچی کی یہ بے نیازی اور دوسروں کی خوشی میں خوش ہونے کا انداز اس ویڈیو کو منفرد بناتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور صارفین اسے ”خالص ترین مسکراہٹ“ قرار دے رہے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے: ”یہ منظر ہمیں سکھاتا ہے کہ خوشی حالات کی نہیں بلکہ دل کی کیفیت کا نام ہے۔“

ایک اور تبصرہ کیا گیا، ”بچی کی ہنسی جتنی خوبصورت ہے، اس کی خاموش جدوجہد اتنی ہی دل چیر دینے والی ہے۔“

صارفین نے بچی کے لیے محبت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اسے ہمیشہ محبت، توجہ اور خوشگوار ماحول میسر رہے۔

Read Comments