کیا آپ درست طریقے سے سانس لے رہے ہیں؟ بڑی غلطی کی خاموش علامات
ہم سب سمجھتے ہیں کہ سانس لینا ایک خودکارعمل ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں، لیکن ماہرینِ طب نے خبردار کیا ہے کہ بہت سے صحت مند افراد بھی ”غلط طریقے سے سانس لینے“ کی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں، جس کا اثر براہِ راست ان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر پڑتا ہے۔
طبی ماہرین نے اسے ’بریدھنگ پیٹرن ڈس آرڈر‘ کا نام دیا ہے۔ برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق یونیورسٹی آف مانچسٹر میں سانس کے امراض کے پروفیسر ڈاکٹر اسٹیفن فاؤلر کہتے ہیں کہ، غلط سانس لینا اس حالت کو کہتے ہیں جب انسان کو سانس پھولنے یا سانس لینے میں مشکل محسوس ہو۔ یہ کسی بیماری کے بغیر بھی ہو سکتا ہے۔ اگر دمہ جیسی بیماری موجود ہو تو سانس کی تکلیف اس سے زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔
چونکہ لوگ عموماً سانس لینے پر زیادہ غور نہیں کرتے، اس لیے بہت سے افراد کو یہ احساس ہی نہیں ہوتا کہ ان کا سانس لینے کا طریقہ درست نہیں ہے۔
آپ اپنا ٹیسٹ خود کیسے کریں؟
ماہرین نے سانس چیک کرنے کا ایک بہت آسان طریقہ بتایا ہے:
سیدھے لیٹ جائیں یا آرام سے بیٹھ جائیں۔
ایک ہاتھ اپنے سینے پر اور دوسرا پیٹ پر رکھیں۔
سانس لیتے وقت آپ کے پیٹ والا ہاتھ اوپر اٹھنا چاہیے، سینے والا نہیں۔ یہی صحیح سانس لینے کی علامت ہے۔
ان کے مطابق صحیح سانس لینا آہستہ، خاموش اور ناک کے ذریعے ہوتا ہے، جبکہ غلط سانس لینا تیز، سطحی اور منہ کے ذریعے ہوتا ہے یا اس میں کندھے زیادہ حرکت کرتے ہیں۔
غلط سانس لینے کے نقصانات
اگر آپ تیزی سے منہ کے ذریعے سانس لیتے ہیں، تو اس سے بلاوجہ تناؤ، بے چینی اور گھبراہٹ کا دورہ پڑنا، کندھوں اور گردن میں مسلسل کھچاؤ اور درد کی شکایت، ہر وقت تھکاوٹ محسوس ہونا اور نیند کا پورا نہ ہونا اور خون میں گیسوں کا توازن بگڑنے سے سر چکرانا یا ”ہوا کی کمی“ محسوس ہونے جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی صحت کے لیے ناک سے گہرا، آہستہ اور خاموش سانس لینا ضروری ہے۔ اگر آپ کو محسوس ہو کہ آپ کا سانس اکھڑ رہا ہے، تو گنتی کرنے یا سانس پر زیادہ توجہ دینے کے بجائے کسی اچھی اور خوشگوار بات کے بارے میں سوچیں اور آہستہ آہستہ سانس لیں۔
روزانہ چند منٹ گہرے سانس لینے کی مشق کریں تاکہ آپ کا جسم قدرتی توازن پر واپس آ سکے۔
یاد رکھیں، سانس لینے کا درست عمل صرف آکسیجن فراہم نہیں کرتا، بلکہ یہ آپ کے اعصابی نظام کو پرسکون رکھ کر بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔