شوہر سے جھگڑے کے بعد بیوی نے کھڑکی سے رقم پھینک دی، ویڈیو وائرل

کھڑکی سے نوٹوں کی برسات ہوتے دیکھ کر سڑک پر افراتفری مچ گئی۔
شائع 17 اپريل 2026 02:41pm

بچپن سے ہم سنتے آئے ہیں کہ پیسہ درختوں پر نہیں اگتا اور نہ ہی آسمان سے برستا ہے۔ لیکن چین میں ایک خاتون نے اس کہاوت کو غلط ثابت کر دیا۔

چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شانتو میں ایک خاتون نے مبینہ طور پراپنے شوہر سے شدید جھگڑے کے بعد گھر کی بالکونی سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی فضا میں بکھیر دی۔

جیسے ہی نوٹ فضا میں اچھلے سڑک میں موجود لوگوں میں انہیں سمیٹنے کے لیے افراتفری مچ گئی اور وہاں ہنگامہ آرائی جیسا منظر بن گیا۔

یہ حیران کن واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر پھیل گئیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلند و بالا عمارت کی ایک کھڑکی سے نوٹوں کی برسات ہو رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق، یہ نوٹ ہانگ کانگ کرنسی کے تھے جن کی کل مالیت تقریباً ایک لاکھ 62 ہزار ہانگ کانگ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

انتظامیہ نے بعد میں تصدیق کی کہ پھینکی گئی رقم اصلی تھی۔ پولیس اور امدادی اہلکار موقع پر پہنچے اورعوام سے اپیل کی گئی کہ جن لوگوں نے یہ رقم اٹھائی ہے وہ اسے قریبی پولیس اسٹیشن یا پراپرٹی آفس میں جمع کروا دیں

حکام کے مطابق یہ واقعہ گھریلو تنازع یا ذاتی پریشانی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کو سنبھال لیا گیا ہے اور اس کی جامع تحقیقات جاری ہیں کہ آیا اس کے پیچھے کوئی اور قانونی پہلو تو نہیں۔

پراپرٹی مینجمنٹ کے مطابق، کچھ ایماندار شہریوں نے رقم واپس کرنا شروع کر دی ہے، تاہم اب بھی بڑی رقم عوام کے پاس ہے۔

Read Comments