امریکا ایرانی بحری جہازوں پر قبضے کی تیاری کر رہا ہے: دی وال اسٹریٹ جرنل کا دعویٰ

ایران کے تجارتی جہازوں کے خلاف ممکنہ کارروائی کا خطرہ بڑھ گیا ہے
شائع 19 اپريل 2026 01:03pm

ایران کے تجارتی جہازوں کے خلاف ممکنہ کارروائی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران سے منسلک بحری جہازوں پر قبضے کی تیاری کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج نے آئندہ دنوں میں ایران سے وابستہ آئل ٹینکرز اور دیگر بحری جہازوں کو تحویل میں لینے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس ممکنہ اقدام کا بنیادی مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا ہے۔

دوسری جانب ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور سینیئر مذاکرات کار باقر قالیباف نے واشنگٹن کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ایک بھونڈا اور جاہلانہ فیصلہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ممکن نہیں ہے کہ دوسرے ممالک کے جہاز تو اس اہم راستے سے گزر سکیں مگر ایران کو اس کی اجازت نہ ہو۔

باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کیا کہ اگر ان کا ایک بھی بحری جہاز (مائن سوئپر) ایک انچ بھی آگے بڑھا تو ایران براہِ راست فائرنگ کرے گا، اور یہ بات وہ امریکی وفد کو دو ٹوک الفاظ میں بتا چکے ہیں۔


Read Comments