انڈو پیسفک میں امریکی نیوی کی کارروائی، پابندی زدہ آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی جانب سے آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کی تصدیق کی گئی۔
اپ ڈیٹ 21 اپريل 2026 05:27pm

انڈو پیسفک خطے میں امریکی افواج نے ایک اہم کارروائی کے دوران پابندی زدہ آئل ٹینکر ایم/ٹی ٹیفانی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے مطابق امریکی فورسز نے انڈو پیسفک کمانڈ کے دائرۂ کار میں رات کے وقت ایک کارروائی کرتے ہوئے پابندی زدہ آئل ٹینکر ایم ٹی ٹیفانی کے خلاف آپریشن بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے مکمل کیا۔

پینٹا گون کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام عالمی سطح پر غیر قانونی نیٹ ورکس کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ حکام کے مطابق امریکا ایسے جہازوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا جو پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کو مالی معاونت فراہم کرتے ہیں، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں کیوں نہ موجود ہوں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی سمندر پابندی زدہ جہازوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں ہیں اور امریکا بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

امریکی محکمہ دفاع نے واضح کیا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں کام کرنے والے ایسے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔

انڈو پیسفک ایک وسیع سمندری خطہ ہے، جس میں بحیرۂ ہند اور بحرالکاہل کے وہ علاقے شامل ہیں جو ایشیا، آسٹریلیا اور افریقا کے درمیان واقع ہیں۔ جغرافیائی طور پر یہ خطہ بھارت کے سمندر سے جاپان اور آسٹریلیا تک پھیلا ہوا ہے۔

یہ علاقہ عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے، کیونکہ دنیا کی بڑی تجارتی سرگرمیاں انہی بحری راستوں کے ذریعے انجام پاتی ہیں۔ اسی بنا پر امریکا، چین اور دیگر بڑی طاقتیں اس خطے میں سرگرم عمل ہیں اور اسے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیتی ہیں۔

Read Comments