کانٹیکٹ لینس پہن کر نہانے والی لڑکی بینائی کھو بیٹھی

پانی کے ذریعے ایک خطرناک جرثومہ آنکھوں میں داخل ہوگیا۔
شائع 22 اپريل 2026 12:59pm

امریکہ سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ گریس جیمیسن نے اپنی زندگی کا ایک تلخ تجربہ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے خبردار کیا ہے کہ کانٹیکٹ لینس استعمال کرنے والے افراد کبھی بھی انہیں پانی کے ساتھ استعمال نہ کریں۔

گریس جیمیسن کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ چھٹیوں کے دوران ڈومینیکن ریپبلک میں تھیں۔ وہاں انہوں نے لینس پہنے ہوئے ہی شاور لیا۔ بظاہر یہ ایک عام سی بات لگتی ہے، لیکن اس کے نتائج انتہائی سنگین نکلے۔

پانی کے ذریعے ایک خطرناک جرثومہ ان کی آنکھوں میں داخل ہوگیا، جو عام طور پر نلکے، سوئمنگ پول یا قدرتی پانی میں پایا جاتا ہے۔

چند ہفتوں بعد انہیں آنکھوں میں شدید تکلیف اور دھندلا پن محسوس ہونا شروع ہوا، مگر ابتدائی طور پر غلط تشخیص کی گئی اور انہیں اسٹیرائیڈ ڈراپس دیے گئے، جس سے حالت مزید خراب ہوگئی۔

صرف ایک ہفتے کے اندر انفیکشن نے شدت اختیار کر لی اور ان کی بینائی مکمل طور پر ختم ہوگئی۔ وہ تقریباً دو ماہ تک مکمل اندھیرے میں رہیں، جب تک درست تشخیص ہو کر مناسب علاج شروع نہ کیا گیا۔

بعد میں ڈاکٹروں نے بتایا کہ شدید انفیکشن کے باعث آنکھ میں سوزش اور داغ بننے سے ان کی نظر متاثر ہوئی۔ علاج کے بعد کچھ بہتری ضرور آئی، مگر اب بھی ان کی دائیں آنکھ کی بینائی مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے، جہاں انہیں صرف دھندلا سفید پن اور روشنی محسوس ہوتی ہے۔

مستقبل میں بینائی کی بحالی کے لیے سرجری کا امکان ہے، لیکن فی الحال وہ ایک آنکھ سے زندگی گزارنے کی عادی ہو رہی ہیں۔

گریس اپنی صحتیابی کے سفر کو سوشل میڈیا پر شیئر کر رہی ہیں اور لوگوں کو بار بار خبردار کر رہی ہیں کہ کانٹیکٹ لینز کو پانی سے دور رکھیں۔

گریس نے اپنے تلخ تجربے کی روشنی میں لینس استعمال کرنے والوں کو درج ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید بھی کی ہے۔

نہاتے وقت یا تیراکی کے دوران کبھی بھی لینس نہ پہنیں۔

لینس صاف کرنے کے لیے کبھی نل کا پانی استعمال نہ کریں، صرف تجویز کردہ ’کانٹیکٹ لینس سلوشن‘ استعمال کریں۔

لینس کیس میں موجود محلول کو روزانہ تبدیل کریں اور روزانہ تازہ محلول استعمال کریں۔

لینس لگانے یا اتارنے سے پہلے ہاتھوں کو اچھی طرح دھو کر خشک کر لیں۔

کبھی بھی لینس پہن کر نہ سوئیں، کیونکہ اس سے آنکھ میں سوزش اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

گریس کا کہنا ہے کہ ”میری بات یاد رکھیں، کبھی بھی لینس کو پانی کے قریب نہ لے جائیں، یہ ایک چھوٹی سی لاپرواہی آپ کی دنیا اندھیر کر سکتی ہے۔“

گریس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تجربہ ان کی زندگی بدل دینے والا تھا، لیکن وہ امید رکھتی ہیں اور شکر گزار ہیں کہ کچھ حد تک بینائی بحال ہو رہی ہے۔

Read Comments