سونا آج بھی ہزاروں روپے سستا، فی تولہ قیمت کتنی ہوگئی؟

سونے کی قیمت میں اچانک گراوٹ سے مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی، سونے کے نرخ نیچے آگئے
شائع 24 اپريل 2026 05:46pm

پاکستان میں آج سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید ہزاروں روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ روپے سے مزید نیچے آگئی ہے، آج فی تولہ سونا 2900 روپے جب کہ 10 گرام سونا 2486 روپے سستا ہوا ہے۔

بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سونے اور چاندی کی قیمتیں مسلسل گراوٹ کا شکار ہونے لگی ہیں۔

عالمی سطح پر بھی حالیہ دنوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مارکیٹوں پر پڑ رہے ہیں۔

مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت بھی 2900 روپے کی کمی سے 4لاکھ 90 ہزار 862 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 2486 روپے گھٹ کر 4 لاکھ 20 ہزار 835 روپے کی سطح پر آگئی۔

دوسری جانب انٹرنیشنل مارکیٹ میں 29 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 4685 ڈالر پر آگیا ہے۔

اسی طرح سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان رہا، پاکستان میں فی تولہ چاندی 142 روپے کمی سے 7 ہزار 957 روپے کی ہو گئی جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 122 روپے کی کمی سے 6 ہزار 821 روپے کی سطح پر آگئی۔

واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے،جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے، اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، جس کے باعث خریداروں کی دلچسپی میں بھی اضافہ متوقع ہے جب کہ مارکیٹ میں غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔

Read Comments