لاہور میں پولیس اہلکار بن کر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم اب تک 50 سے زائد وارداتیں کر چکا ہے: رپورٹ
شائع 27 اپريل 2026 12:27pm

لاہور میں ٹبی سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، جو مبینہ طور پر شہر میں درجنوں وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے ٹبی سٹی میں پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا ہے جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے شہریوں سے نقد رقم اور موبائل فون چھینتا تھا۔

ایس پی سٹی کے مطابق ملزم چند روز قبل بھی تلاشی کے بہانے شہری سے نقدی اور موبائل فون چھیننے کی واردات میں ملوث تھا، جبکہ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ ملزم اب تک 50 سے زائد وارداتیں کر چکا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم وارداتوں کے دوران پولیس یونیفارم کی پینٹ اور جوتے استعمال کرتا تھا تاکہ خود کو اہلکار ظاہر کر سکے، جبکہ شہریوں کو دھوکہ دینے کے لیے نیلی بتی والی موٹر سائیکل بھی استعمال کرتا تھا۔

ملزم شہریوں کو روک کر کہتا تھا کہ انہوں نے ناکہ توڑا ہے، لہٰذا تلاشی دینی ہوگی۔ اس دوران وہ نقد رقم اور موبائل فون چھین لیتا اور متاثرہ شہری کو اپنے پیچھے آنے کا کہہ کر موقع سے فرار ہو جاتا۔

حکام کے مطابق ملزم موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گلی محلوں کا سہارا لیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی اسے واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا گیا ہے۔

ایس ایچ او ٹبی سٹی حسن نقوی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

Read Comments