انوکھا طبی واقعہ: خاتون کو مردوں کی آواز سنائی دینا بند ہو گئی
چین کے شہر شیامین میں ایک خاتون کی صبح اس وقت حیرت انگیز پریشانی میں بدل گئی جب اسے اچانک اپنے بوائے فرینڈ کی آواز سنائی دینا بند ہو گئی۔
فوربس کی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ کسی گھریلو جھگڑے کا نہیں بلکہ ایک انتہائی نایاب طبی کیفیت کا تھا جسے ’ریورس سلوپ ہیرنگ لاس‘ کہا جاتا ہے۔
اس بیماری میں انسان اونچی آوازیں تو بالکل صاف سن سکتا ہے لیکن وہ آوازیں جو دھیمی یا بھاری ہوتی ہیں وہ اس کے کانوں تک نہیں پہنچ پاتیں۔
چونکہ زیادہ تر مردوں کی آوازیں اسی دھیمی فریکوئنسی یعنی بھاری پن کے دائرے میں آتی ہیں اس لیے وہ خاتون مردوں کی آواز سننے سے قاصر ہو گئی تھیں۔
اس بیماری کا نام ریورس سلوپ اس لیے رکھا گیا ہے کیونکہ ڈاکٹروں کے آڈیو گرام چارٹ پر اس کی لکیر عام بہرے پن کے بالکل الٹ بنتی ہے۔
عام طور پر لوگوں کو اونچی پچ والی آوازیں سننے میں دشواری ہوتی ہے لیکن اس خاتون کے معاملے میں ڈھلوان دوسری سمت میں تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کیفیت صرف مردوں کی آوازوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اگر کسی خاتون کی آواز بھاری ہو تو وہ بھی سنائی نہیں دے گی اور اگر کسی مرد کی آواز باریک ہو تو اسے سنا جا سکے گا۔
انسانی آواز کے علاوہ بادلوں کی گرج اور موسیقی کے بھاری آلات کی آوازیں بھی اس دائرے میں آتی ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری کی تشخیص اس لیے مشکل ہوتی ہے کیونکہ لوگ باریک آوازوں کے ختم ہونے کو تو فوراً محسوس کر لیتے ہیں لیکن بھاری آوازوں کے غائب ہونے کا پتہ آسانی سے نہیں چلتا۔
اس بیماری کی وجوہات میں کان کا ایک خاص مرض مینیئرز، وائرل انفیکشن، گردوں کی خرابی یا دماغ کے گرد دباؤ میں تبدیلی شامل ہو سکتی ہے۔
جہاں یہ نقصان مستقل ہو وہاں سماعت کے آلات سے مدد لی جا سکتی ہے۔
جہاں تک اس خاتون کے بوائے فرینڈ کا تعلق ہے تو ڈاکٹروں نے واضح کیا ہے کہ اسے اس معاملے کو ذاتی طور پر نہیں لینا چاہیے کیونکہ یہ محض ایک بیماری ہے۔