آپریشن "ٹرسٹ می برو" ناکام ہوگیا، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ
اسپیکرایرانی پارلیمنٹ باقرقالیباف کا کہنا ہےکہ آپریشن ”ٹرسٹ می برو“ ناکام ہوگیا،اب دوبارہ معمول کے مطابق ”آپریشن فاکسیوس“شروع کردیا گیا ہے۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ ’’آپریشن ‘ٹرسٹ می برو’ ناکام ہو گیا، اور اب دوبارہ معمول کے مطابق ‘آپریشن فاکسیوس’ شروع کر دیا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے امریکی میڈیا، خصوصاً خبر رساں ادارے ایکسیئس کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق خبریں گمراہ کن اور منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔
قالیباف نے ایکسیئس کو طنزیہ طور پر ’’فاکسیوس‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ وائٹ ہاؤس کی جعلی خبروں کا مرکز بن چکا ہے، اور اس نام کو انگریزی لفظ فاکسویس (یعنی جعلی) سے اخذ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی خبریں دراصل آبنائے ہرمز میں حالیہ کشیدگی کے بعد امریکا کی نفسیاتی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جن کا مقصد اپنی پوزیشن کو بہتر ظاہر کرنا ہے۔
اس سے قبل ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایرانی قوم کے نام پیغام میں کہا تھا کہ دشمن کا مقصد ایران کے اتحاد کو توڑنا ہے تاکہ ہمیں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جا سکے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ دشمن اپنے نئے منصوبے میں بحری ناکہ بندی کے ذریعے اقتصادی دباؤ اور میڈیا پروپیگنڈے کی کوشش کر رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا اور اس حوالے سے پیش رفت ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم ایران سے جیت چکے ہیں‘‘ اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بات چیت مثبت رہی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جلد ڈیل طے پا جائے گی۔