ایران کی نوبل انعام یافتہ نرگس محمدی کی ضمانت منظور

نرگس محمدی کو سینے، کمر اور بازوؤں میں شدید درد شکایت کے باعث زیر علاج ہیں
شائع 11 مئ 2026 12:59pm

ایران کی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کو ضمانت مل گئی، انہیں تہران کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق اسپتال میں نرگس محمدی کی اپنی میڈیکل ٹیم ان کا علاج کرے گی۔ پچھلے ہفتے نرگس محمدی کو سینے، کمر اور بازوؤں میں شدید درد کی شکایت رہی تھی۔

2023 کی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کو ایرانی حکام نے صحت کی خرابی کے باعث ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔

ان کے حامیوں کے مطابق نرگس محمدی کو شمالی ایران کے شہر زنجان میں جیل میں سزا کاٹتے ہوئے طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ 10 روز زیرِ علاج رہیں۔

بعد ازاں انہیں ’’ہیوی بیل‘‘ پر سزا معطل کرتے ہوئے تہران منتقل کیا گیا، جہاں وہ اپنی طبی ٹیم کی نگرانی میں علاج کروا رہی ہیں۔

ان کے فاؤنڈیشن کے مطابق نرگس محمدی کو خصوصی طبی نگہداشت کی ضرورت ہے اور اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ انہیں دوبارہ جیل واپس نہ بھیجا جائے، جہاں ان کی صحت مزید متاثر ہو سکتی ہے۔

ان کے شوہر، جو پیرس میں مقیم ہیں، نے بیان میں کہا ہے کہ ان کی زندگی خطرے میں ہے اور ان کی موجودہ حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق نرگس محمدی کو گزشتہ عرصے میں دل کے ممکنہ دو دورے بھی پڑے تھے، جبکہ جیل میں ان کی صحت مسلسل بگڑتی رہی۔

یاد رہے کہ نرگس محمدی کو 2023 میں ایران میں خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کے اعتراف میں نوبل انعام دیا گیا تھا۔

نرگس محمدی اب تک اپنی زندگی کے دس سال سے زائد قید میں گزار چکی ہیں۔ نرگس فاؤنڈیشن کے مطابق، حالیہ سزا کے بعد مجموعی طور پر انہیں 44 سال قید کی سزا دی جا چکی ہے۔ وہ 2021 سے ریاست کے خلاف پروپیگنڈا اور ریاستی سلامتی کے خلاف سازش‘‘ کے الزامات میں 13 سالہ سزا کاٹ رہی ہیں، جن کی وہ تردید کرتی ہیں۔

Read Comments