سندھ پبلک سروس کمیشن کا سی سی ای 2024 کے نتائج پر وضاحتی بیان جاری

ایس پی ایس سی نے واضح کیا کہ جوابی کاپیوں کی جانچ اور امیدواروں کی کارکردگی اس کے دائرہ اختیار میں نہیں۔
شائع 11 مئ 2026 08:56pm

سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) نے مشترکہ مسابقتی امتحان (سی سی ای) 2024 کے نتائج کے حوالے سے ایک تفصیلی پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے صورتِ حال پر وضاحت دی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق وہ امیدوار جو تحریری امتحان میں کامیاب نہیں ہو سکے، ان کے نتائج سے متعلق فیصلہ مکمل طور پر امتحان لینے والے ماہرین کا اختیار ہے، جب کہ کمیشن کا کردار صرف انتظامی نوعیت کا ہے۔

ایس پی ایس سی نے واضح کیا کہ جوابی کاپیوں کی جانچ یا امیدواروں کی مجموعی کارکردگی پر اثر انداز ہونا اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

کمیشن نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ امیدوار احتجاج کر رہے ہیں اور بعض عناصر انہیں قانون ہاتھ میں لینے پر اکسا رہے ہیں، جو کہ ناقابلِ قبول ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی امیدوار کو کوئی حقیقی شکایت ہو تو وہ ایس پی ایس سی کے رولز 2023 کے تحت باقاعدہ درخواست دے سکتا ہے، جس کا جائزہ قانون کے مطابق لیا جائے گا۔

مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ہر سال مسابقتی امتحانات کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور ناکام امیدواروں کو آئندہ امتحانات کے لیے مزید محنت اور تیاری کے ساتھ حصہ لینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

سندھ پبلک سروس کمیشن نے اپنے بیان میں شفافیت، میرٹ اور غیر جانبداری کے اصولوں پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور امیدوار افواہوں اور غلط معلومات سے گریز کریں۔

Read Comments