'والد کے ساتھ فلم بنانا غلطی تھی'، جنید خان کا فلم 'ایک دن' کی ناکامی پر حیران کن انکشاف

جنید خان کا فلمی سفر اب تک کافی اتار چڑھاؤ کا شکار رہا ہے۔
شائع 12 مئ 2026 11:15am

فلمی کیریئر کی ابتدا میں ہی کئی چیلنجز کا سامنا کرنے والے بولی ووڈ اداکار جنید خان نے اپنی تازہ ترین فلم ’ایک دن‘ کی ناکامی پر اعتراف کیا ہے کہ اس پروجیکٹ میں انہوں نے ایک غلطی کی۔

وکی لالوانی کے یوٹیوب چینل پرجنید خان نے فلم کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ، ’ہمیں امید تھی کہ فلم اچھی رہے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ یہ کبھی کبھار ہوتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ، ’یہ فلم مجھے بہت پسند تھی اور مجھے واقعی اسے کرنے میں لطف آیا۔ مجھے لگتا ہے کہ بہت سے لوگوں کو بھی یہ فلم پسند آئی، لیکن شاید زیادہ تر لوگوں کو یہ متاثر نہیں کرسکی۔‘

جب جنید سے پوچھا گیا کہ ان کے والد عامر خان اس ناکامی کو کیسے دیکھ رہے ہیں؟ تو انہوں نے بتایا کہ عامر خان اپنی بنائی ہوئی فلموں سے بہت زیادہ جذباتی لگاؤ رکھتے ہیں اور انہیں ان کے نتائج قبول کرنے میں وقت لگتا ہے۔

جنید کے مطابق ان کے والد اب بھی پرامید ہیں اور اتنے سال اس صنعت میں گزارنے کے باوجود فلم کی ناکامی انہیں آج بھی پریشان کرتی ہے، لیکن وہ خود کو مصروف کر لیتے ہیں اور دوبارہ نئے عزم کے ساتھ کام شروع کر دیتے ہیں۔

جنید خان نے ایک دلچسپ انکشاف یہ بھی کیا کہ وہ اب اپنے والد کو اپنی فلمیں پروڈیوس نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا، ’میں نے ’ایک دن‘کے ساتھ یہ غلطی کی۔ دراصل یہ فلم ’مہاراجہ‘ کے ہدایت کار سدھارت پی ملہوترا کے تحت بننے والی تھی، لیکن میں نے والد کی رائے لینے کا فیصلہ کیا، جس سے فلم عامر خان کی پروڈکشن میں چلی گئی۔ والد نے کہا، ’میں اپنی بیٹے کے لیے فلم بنانا چاہتا ہوں، ہر کوئی اس کے لیے فلم بنا رہا ہے، اب میری باری ہے۔‘ یہ ایک جذباتی فیصلہ تھا۔‘

جنید نے مزید وضاحت کی کہ عامر خان ایک بہترین پروڈیوسر ہیں، لیکن ان کے ساتھ کام کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ایک فلم مکمل ہونے میں پانچ سال لگ جائیں گے۔

جنید کا کہنا ہے کہ، ’میرے والد اپنے کیریئر کے اس مقام پر ہیں جہاں وہ پانچ سال میں ایک فلم کر سکتے ہیں، لیکن میں ابھی کیریئر کی شروعات میں ہوں اور مجھے مسلسل کام کی ضرورت ہے، اس لیے والد کے ساتھ ہر پروجیکٹ نہیں کرنا چاہتا۔‘

واضح رہے کہ جنید خان کا فلمی سفر اب تک کافی اتار چڑھاؤ کا شکار رہا ہے، جہاں ان کی ابتدائی فلموں ’مہاراج‘ اور ’لو پاپا‘ کو ملا جلا ردعمل ملا، وہیں ان کی تیسری فلم ’ایک دن‘ بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اس فلم کو خود عامر خان نے پروڈیوس کیا تھا، لیکن یہ باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہ دکھا سکی۔

’ایک دن‘ 2016 کے تھائی رومانٹک ڈرامہ ’ون ڈے‘ کی ریمیک ہے اور ایک نوجوان کے اپنے کولیگ کے ساتھ محبت کے جذبات اور ایک دن ساتھ گزارنے کی خواہش پر مبنی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، فلم نے 11 دنوں میں دنیا بھر میں صرف 5.4 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

Read Comments