مسلم گیمرز کا احتجاج: پب جی نے متنازع آئٹم گیم سے ہٹا دیا

یہ متنازع کارڈ گیم کی حالیہ اپ ڈیٹ ’ہیروز کراؤن‘ کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا۔
شائع 12 مئ 2026 01:14pm

مشہورِ زمانہ موبائل گیم ’پب جی‘ نے اپنے پلیٹ فارم سے ’ہینڈ آف دی آل مائٹی‘ نامی ایک کارڈ ہٹانے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ معذرت بھی جاری کی ہے۔

پب جی کی جانب سے معافی نامہ اُن مسلم کھلاڑیوں کے احتجاج کے بعد سامنے آیا جنہوں نے اس آئٹم کے نام کو مذہبی طور پر قابلِ اعتراض قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ متنازع کارڈ گیم کی حالیہ اپ ڈیٹ ’ہیروز کراؤن‘ کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا۔

دنیا بھر کے مسلمان کھلاڑیوں، خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ اور فلپائن کے صارفین نے فیس بک پیجز اور ایپ اسٹورز پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس آئٹم کا نام اسلام میں اللہ تعالیٰ کے صفاتی ناموں میں سے ایک کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

مسلمانوں کے نزدیک ’الجبار‘ کا مطلب ’زبردست قوت والا‘ یا ’غالب‘ ہے اور یہ نام گہری مذہبی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے۔

عربی زبان میں پب جی کے فیس بک پیج پر ایک صارف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ”میں نہایت احترام کے ساتھ ’ہینڈ آف دی آل مائٹی‘ یا ’الجبار‘ کے نام سے منسوب اس آئٹم کے حوالے سے اپنی تشویش ظاہر کر رہا ہوں۔ بطور مسلمان کھلاڑی ہم میں سے بہت سے لوگ گیم کے اندر اس نام کے استعمال سے غیر مرئی بوجھ محسوس کر رہے ہیں کیونکہ یہ اللہ کے 99 ناموں میں سے ایک ہے اور کروڑوں مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس ہے۔“

صارفین کے اس شدید ردِعمل کے بعد پب جی موبائل نے منگل کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں اس آئٹم کو گیم سے ہٹانے کی تصدیق کی گئی۔

کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ”پب جی موبائل حال ہی میں گیم میں شامل کیے گئے ایک آئٹم کے نام پر اٹھنے والے خدشات کا جواب دینا چاہتا ہے۔ ہم اپنے کھلاڑیوں سے دل سے معذرت خواہ ہیں اور کمیونٹی سے ملنے والی رائے کی قدر کرتے ہیں۔ ہم اپنے کھلاڑیوں کی اقدار، روایات اور مذہبی شعائر کا احترام کرتے ہیں اور اس بات پر افسردہ ہیں کہ ہماری وجہ سے کسی کی دل آزاری ہوئی۔“

پب جی نے کہا کہ ”ہم نے فوری طور پر اس آئٹم کو گیم سے ہٹا دیا ہے۔“

کمپنی نے مزید وضاحت کی کہ ”پب جی موبائل میں ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور ہر ایک کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم اپنے مواد کا مزید جائزہ لیں گے تاکہ مستقبل میں اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ گیم مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کے حوالے سے حساس رہے۔“

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پب جی کو مذہبی تنازع کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ مئی 2024 میں بھی ایک اشتہاری ویڈیو میں اسلامی خطاطی کے استعمال پر کمپنی کو معافی مانگنی پڑی تھی۔ اس سے قبل 2020 میں پب جی نے اپنا پورا ’مسٹیریس جنگل‘ موڈ اس لیے ختم کر دیا تھا کیونکہ اس میں صحت بحال کرنے کے لیے بتوں کے سامنے عبادت جیسا عمل دکھایا گیا تھا، جسے مسلمانوں نے بت پرستی قرار دیتے ہوئے ناپسند کیا تھا۔

Read Comments