ڈکی بھائی کا طلاق دینے والے مردوں کو کرارا جواب
پاکستان کے مشہور ڈیجیٹل تخلیق کار اور معروف فیملی بلاگر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی نے حال ہی میں شادی شدہ زندگی اور طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحان پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ڈکی بھائی اپنی اہلیہ عروب جتوئی کے ہمراہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جہاں وہ اپنی پیشیوں کے سلسلے میں اکثر نظر آتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان مردوں پر کڑی تنقید کی جو شادی کے بعد جلد طلاق دے دیتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈکی بھائی کا کہنا تھا کہ شادی کا نبھانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں بلکہ یہ صرف اصل مردوں کا کام ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر آپ ذہنی طور پر ابھی بچے ہیں یا آپ میچور نہیں ہیں تو خدارا شادی نہ کریں۔
ان کا موقف تھا کہ اگر آپ کا ارادہ رشتے کو طویل عرصے تک چلانے کا نہیں ہے تو آپ کو دوسروں کی زندگی تباہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ کیونکہ ایسے شخص کو شادی سے پہلے ہی معلوم ہوتا ہے کہ اس کی شادی کامیاب نہیں رہے گی اور یہ رشتہ جلد ہی ٹوٹ جائے گا۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ اپنے ازدواجی مسائل میں دوسروں کو، خاص طور پر والدین کو شامل نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں بہتر ہے کہ جوڑے اپنے مسائل خود سمجھداری سے حل کرنا سیکھیں کیونکہ جب خاندان بیچ میں آ جاتے ہیں تو معاملات سلجھنے کے بجائے مزید بگڑ جاتے ہیں۔
ڈکی بھائی نے اپنی اہلیہ عروب جتوئی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا سہارا ہیں، جنہوں نے ایف آئی اے کی گرفتاری جیسے مشکل وقت میں بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ثابت قدم رہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سب سے مشہور فیملی و لاگر ڈکی بھائی اب 10 ملین سبسکرائبرز کے ساتھ منفرد مقام حاصل کر چکے ہیں۔ ڈکی بھائی کی فیملی اور بچوں کے لیے دوستانہ اور خوش مزاج مواد انہیں لاکھوں دلوں کا پسندیدہ بناتا ہے۔
وہ اپنی زندگی کے ہر لمحے میں اپنی بیوی عروب جتوئی کے شانہ بشانہ رہتے ہیں، جو مشکل وقت میں ان کا مضبوط سہارا بھی ہیں۔ گزشتہ سال، جب ڈکی بھائی ایف آئی اے کی گرفتاری کا سامنا کر رہے تھے، عروب نے ہر لمحے ان کا ساتھ دیا۔