کانز فلم فیسٹیول: ایشوریا رائے کا پوسٹر غائب ہونے پر لوریال کا دلچسپ جواب
فرانس میں جاری کانز فلم فیسٹیول 2026 کے موقع پر لوریل پیرس نے اپنے عالمی برانڈ ایمبیسیڈرز کے بڑے پوسٹرز لگائے۔ یہ پوسٹرز کانز کے مشہور ہوٹل مارٹینیز کی عمارت پر آویزاں کیے گئے، لیکن ایک نام سب کی توجہ کا مرکز بن گیا: ’ایشوریا رائے بچن‘۔
ایشوریا رائے 2003 سے لوریل کی گلوبل ایمبیسیڈر ہیں اور 2002 سے مسلسل کانز کے ریڈ کارپٹ کی زینت بن رہی ہیں اس سال کے پوسٹرز میں نظر نہیں آئیں۔
پوسٹرز میں عالیہ بھٹ، وائلا ڈیوس، ایوا لونگوریا اور ہیلن میرن جیسے نام شامل تھے، لیکن مداحوں کو اپنی پسندیدہ اداکارہ ایشوریا رائے کہیں دکھائی نہیں دیں۔
برانڈ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں جب ایشوریا کا پوسٹر غائب پایا گیا تو انٹرنیٹ صارفین نے سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
ایک صارف نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ایشوریا رائے بچن کہاں ہیں؟ ہم کانز کے دوران صرف انہیں ہی دیکھنا چاہتے ہیں، ان کی شخصیت کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، براہ کرم انہیں مزید پروموٹ کریں۔
مداحوں کے اس احتجاج اور بے چینی کو دیکھتے ہوئے لوریال پیرس نے خاموشی توڑ دی اور ایک تبصرے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سال در سال، کانز در کانز، وہ کبھی کمی محسوس نہیں ہونے دیتیں۔
تاہم انٹرنیٹ صارفین اس جواب سے مطمئن نہیں ہوئے اورایک اور مداح نے پوسٹر نہ ہونے پر شک ظاہر کیا کہ ”اگر ایسا ہے تو پھر ان کا پوسٹر کہاں ہے؟“
ایک اور مداح نے ایشوریا رائے کو کانز کی ملکہ قرار دیا، تو لوریال پیرس نے اداکارہ کی تعریف کرتے ہوئے ایک خوبصورت جملہ لکھا جس کے مطابق ایشوریا رائے ہمیشہ خوبصورت، شاندار اور اپنی اصل شخصیت کے ساتھ موجود ہیں۔
برانڈ کے ان جوابات سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ ایشوریا رائے اس سال بھی ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوں گی کیونکہ کمپنی کا ماننا ہے کہ اچھی چیزیں وقت لیتی ہیں۔
یہ جواب 79 ویں کنز فلم فیسٹیول کی اوپننگ سے قبل آیا، جہاں عالیہ بھٹ نے بھارت کی نمائندگی کی۔ لیکن ایشوریا کے مداح اب بھی ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔