پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کا شادی کو 'راز' رکھنے کے لیے بڑا قدم

شادی کی خفیہ تیاریاں: رازداری کے انوکھے طریقے نے مداحوں اور میڈیا کی توجہ حاصل کر لی۔
شائع 15 مئ 2026 11:01am

معروف امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ اور مشہور امریکی فٹبالر ٹریوس کیلسے کی رواں سال گرمیوں میں متوقع خفیہ شادی کی افواہوں نے سوشل میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا پر ایک نیا طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق، اس مشہور جوڑے کی شادی کی تیاریاں انتہائی رازداری کے ساتھ جاری ہیں، جس نے دنیا بھر میں موجود ان کے کروڑوں مداحوں کو شدید تجسس اور جوش و خروش میں مبتلا کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹیلر سوئفٹ اپنی شادی کو مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھنے کے لیے ایک غیر روایتی طریقہ اپنا رہی ہیں۔ وہ اپنے مہمانوں کو روایتی دعوتی کارڈز یا ڈیٹ کارڈز بھیجنے کے بجائے اپنے قریبی اور معروف دوستوں کو ذاتی طور پر فون کالز کے ذریعے مدعو کر رہی ہیں۔

پاپ اسٹار کی جانب سے یہ غیر روایتی طریقہ کار اس لیے اپنایا گیا ہے تاکہ شادی کی تاریخ، وقت اور مقام جیسی انتہائی اہم معلومات انٹرنیٹ پر لیک نہ ہو سکیں اور تقریب کو ہر ممکن حد تک نجی رکھا جا سکے۔

خاص مہمانوں کو ٹیلر سوئفٹ فون کر کے شادی کی اطلاع دے رہی ہیں، جبکہ باقی اہم اور معروف شخصیات کو مدعو کرنے کے لیے ان کی ذاتی ٹیم انتہائی قابلِ اعتماد مہمانوں سے رابطے مینیج کرنے کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں تاکہ رازداری برقرار رہے۔

جن اہم شخصیات کو اب تک فون پر مدعو کیا گیا ہے، انہیں بھی شادی کی حتمی تاریخ یا جگہ کے بارے میں واضح طور پر نہیں بتایا گیا۔ مہمانوں کو صرف یہ اطلاع دی گئی ہے کہ یہ تقریب رواں سال گرمیوں کے موسم میں کسی وقت منعقد ہوگی، اس لیے وہ اپنے شیڈول کو فلیکس ایبل رکھیں۔

انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب مشہور شخصیات کے معروف ڈیزائنر رشی پٹیل کا نام اس ممکنہ شادی سے جوڑا جانے لگا۔

خبریں گرم ہیں کہ یہ جوڑا نیویارک یا روڈ آئیلینڈ میں جولائی کے آغاز میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اور سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ممکنہ طور پر دو الگ الگ تقریبات ہوں گی۔ ایک پبلک تقریب ہوگی اور دوسری انتہائی نجی ہوگی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ رشی پٹیل کو اس ہائی پروفائل شادی کی پلاننگ، ڈیکوریشن یا دیگر اہم انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تاہم، اب تک ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس یا ان کی فیملیز کی طرف سے اس کی کوئی آفیشیل تصدیق سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی ڈیزائنر رشی پٹیل نے ان خبروں پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔

اگرچہ یہ دونوں دنیا کی بڑی اور بااثر شخصیات میں شمار ہوتے ہیں، لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنے تعلقات کے کئی حصوں کو عوامی نظروں سے دور رکھنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ اب مداح بے صبری سے اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ یہ جوڑا کب ان بڑھتی ہوئی افواہوں پر سے پردہ اٹھاتا ہے۔

Read Comments