اسرائیل اور لبنان کا جنگ بندی میں 45 روز کی توسیع پر اتفاق

یہ فیصلہ واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے۔
شائع 15 مئ 2026 11:52pm

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور لبنان نے جنگ بندی میں 45 دن کی توسیع پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے۔

برطانوی خبر رسا ں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور لبنان نے 16 اپریل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی میں 45 دن کی توسیع پر اتفاق کر لیا ہے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگٹ نے بتایا کہ فریقین کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے معاہدے کو مزید پیش رفت کے لیے بڑھایا گیا ہے تاکہ امن عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

یہ پیش رفت واشنگٹن میں اسرائیلی اور لبنانی وفود کے درمیان ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے، جنہیں امریکی حکام نے انتہائی نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔ مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے آئندہ بات چیت کے لیے 2 اور 3 جون کی تاریخوں پر دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔

یہ مذاکرات اس وقت ہو رہے ہیں جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مارچ میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد اسرائیل نے لبنان پر فضائی اور زمینی کارروائیاں تیز کر دی تھیں، جس کے بعد جنوبی لبنان میں صورتِ حال مسلسل کشیدہ رہی۔

امریکی حکام کے مطابق اگرچہ جنگ بندی نافذ العمل ہے، تاہم سرحدی علاقوں میں محدود جھڑپوں اور کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث امن معاہدے کو مضبوط بنانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

Read Comments