خون کے آخری قطرے تک ایران کی سالمیت اور آزادی کا دفاع کریں گے: ایرانی آرمی چیف

ایرانی مسلح افواج ملک کی سالمیت، خودمختاری اور آزادی کے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہیں: امیر حاتمی
شائع 16 مئ 2026 08:40am

ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ان شاء اللہ مکمل فتح تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

اپنے بیان میں میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایمان کی طاقت ہی ایک ایف 5 لڑاکا طیارے کو امریکا کے کویت میں موجود فوجی ٹھکانوں کے اوپر تک پہنچنے کے قابل بناتی ہے، حالانکہ وہاں جدید ترین دفاعی نظام موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج ملک کی سالمیت، خودمختاری اور آزادی کے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔

ایرانی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ مقدس مشن اپنی تمام تر توانائی، دستیاب وسائل اور خون کے آخری قطرے تک جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں ناکام نہیں ہوئیں، جبکہ انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی کے دوران بھارت پر زور دیا کہ وہ تہران کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرے۔

نئی دہلی میں برکس وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے تاکہ سفارت کاری کو موقع دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بعض طاقتیں سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم پاکستان کا مصالحتی مشن اب بھی جاری ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مشن ابھی ناکام نہیں ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے متضاد پیغامات مذاکراتی عمل کو پیچیدہ بنا رہے ہیں اور تہران کے لیے واشنگٹن کے حقیقی عزائم کو سمجھنا مشکل ہو رہا ہے۔

انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو امریکا پر کوئی اعتماد نہیں، تاہم اگر دوسرا فریق سنجیدگی اور انصاف کا مظاہرہ کرے تو تہران مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

Read Comments