اداکارجاوید جعفری کی اہلیہ کے ساتھ کروڑوں کا فراڈ

جائیداد کے نام پر خطیر رقم ہتھیانے کا انکشاف ہوا ہے۔
شائع 16 مئ 2026 03:35pm

بولی ووڈ کے مقبول اداکار اور کامیڈین جاوید جعفری کی اہلیہ حبیبہ جعفری ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل کی زد میں آگئی ہیں، جہاں ان کے ساتھ 16 کروڑ 24 لاکھ بھارتی روپے سے زائد کی خطیر رقم کا مبینہ فراڈ سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فراڈ کے بے نقاب ہونے پر ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کاروباری شخصیت نشیت پٹیل کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ کھار پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ کمشنر مہیش پاٹل سمیت مجموعی طور پر چھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

عدالت نے گرفتار تاجر نشیت پٹیل کو 19 مئی تک پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔

پولیس کی تفتیش کے مطابق اس منظم فراڈ کی ابتدا اپریل 2024 میں اس وقت ہوئی جب حبیبہ جعفری کو اندھیری میں واقع اپنی ایک جائیداد کے پراپرٹی ٹیکس کے سلسلے میں بی ایم سی کی جانب سے ایک نوٹس موصول ہوا۔

اسی دوران علی رضا نامی ایک شخص نے حبیبہ جعفری کا رابطہ بی ایم سی کے اسسٹنٹ کمشنر مہیش پاٹل سے کروایا۔ مہیش پاٹل نے حبیبہ جعفری کو باندرہ کے ایک ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کے منافع بخش موقع کے بارے میں بتایا اور مشورہ دیا کہ وہ اس پروجیکٹ میں نشیت پٹیل کے ذریعے اپنی رقم لگائیں۔

ملزمان نے جعفری خاندان کو یہ باور کرایا کہ ان کے معروف بلڈرز اور اعلیٰ حکومتی شخصیات سے انتہائی قریبی روابط ہیں، جس کی بنیاد پر انہوں نے خاندان کو باندرہ کے نیو کمل کنج ری ڈیولپمنٹ منصوبے میں انویسٹمنٹ کرنے پر آمادہ کیا۔

اعتماد حاصل کرنے کے لیے ملزمان نے حبیبہ جعفری سے بھاری مالی منافع، قیمتی جائیداد کے حصول اور بہت جلد قبضے ملنے کے بڑے بڑے وعدے کیے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس پورے منصوبے کو سچ دکھانے کے لیے جعلی دستاویزات، فرضی لیٹر آف انٹرسٹ اور رجسٹریشن کے جالی کاغذات تیار کیے گئے تھے تاکہ جاوید جعفری کی اہلیہ کو شک نہ ہو۔

تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حبیبہ جعفری کی جانب سے دی گئی بھاری رقم مختلف فرضی کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی گئی۔ دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نشیت پٹیل نے پولیس کے سامنے ان جعلی دستاویزات کی تیاری کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

اس وقت پولیس مہیش پاٹل سمیت دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔

پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ جہاں پٹیل کو گرفتار کیا جا چکا ہے، وہیں دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے اور اس بات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا ممبئی کے دیگر بااثر افراد نے بھی اس پروجیکٹ میں رقم لگائی تھی اور وہ بھی اس گروہ کا شکار بنے ہیں۔

واضح رہے کہ ملزم مہیش پاٹل پر ماضی میں بھی اسی باندرہ پروجیکٹ میں غیر قانونی سرمایہ کاری کے الزامات لگ چکے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں پچھلے سال جبری چھٹی پر بھی بھیجا گیا تھا، تاہم انہوں نے اس وقت ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

اب جاوید جعفری کے خاندان کے ساتھ اتنے بڑے فراڈ کی دستاویزی تصدیق کے بعد پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے سخت کارروائی کر رہی ہے۔

Read Comments