جان ابراہم اگلے جیمز بانڈ؟ مشہور ڈائریکٹر کا اہم انکشاف

جیمز بانڈ کا کردار آخری بار ڈینیئل کریگ نے فلم 'نو ٹائم ٹو ڈائی' میں ادا کیا تھا۔
شائع 17 مئ 2026 09:46am

مشہور انڈین فلم ڈائریکٹر شیکھر کپور نے بولی ووڈ اسٹار جان ابراہم کو اگلے جیمز بانڈ کے لیے پسندیدہ قرار دیا ہے۔

دنیا کی مشہور جاسوسی فلم سیریز جیمز بانڈ کے اگلے ہیرو کی تلاش شروع ہو چکی ہے اور اس دوران ڈائریکٹر شیکھر کپور نے ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارتی ایکشن ہیرو جان ابراہم میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو ایک جیمز بانڈ میں ہونی چاہئیں۔

جیمز بانڈ کا کردار آخری بار سال 2021 میں ڈینیئل کریگ نے فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ میں ادا کیا تھا۔ اب نئے اداکار کی تلاش کے دوران شیکھر کپور نے سوشل میڈیا پر جان ابراہم کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے ایک پرانا راز بتاتے ہوئے کہا کہ جب پروڈیوسرز نے ڈینیئل کریگ کو میری فلم الزبتھ میں دیکھا تھا، تبھی انہیں جیمز بانڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

شیکھر کپور نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’جیسے جیسے نئے جیمز بانڈ کی تلاش تیز ہو رہی ہے، ڈینیئل کریگ کے بعد اگلے بانڈ کے لیے میرا ووٹ جان ابراہم کو جاتا ہے۔ ان میں جیمز بانڈ جیسا خاص انداز، جادو اور بہترین اداکاری کی صلاحیت موجود ہے اور ہاں، ڈینیئل کریگ کو میری فلم ’الزبتھ‘ دیکھ کر ہی بانڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔‘

جان ابراہم نے اس تعریف پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شیکھر کپور کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ’شیکھر سر، آپ کی باتوں اور حوصلہ افزائی کا بہت شکریہ۔‘

انہوں نے مزید لکھا، ’یہ تعریف ایک ایسے انسان کی طرف سے آئی ہے جس نے دنیا سے پہلے ہی ڈینیئل کریگ کی صلاحیت کو پہچان لیا تھا، اس لیے یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ جیمز بانڈ کے کردار کے لیے میں ابھی سے جیمز بانڈ کے انداز میں مشروب آرڈر کرنے کی مشق شروع کر دوں گا۔‘

جان ابراہم ان دنوں اپنی آنے والی فلم فورس تھری اور ممبئی کے سابق پولیس کمشنر راکیش ماریا کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

Read Comments