ڈونلڈ ٹرمپ کی شی جن پنگ کی نوٹ بک میں جھانکنے کی حقیقت کیا ہے؟

بیجنگ تقریب کی مختصر کلپ نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی
شائع 17 مئ 2026 02:38pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ کی نوٹس بک دیکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شی جن پنگ اپنی نشست سے اٹھ کر پوڈیم کی طرف جاتے ہیں، اس دوران ٹرمپ اپنی نشست پر موجود ایک نوٹ بک کی طرف دیکھتے ہیں۔

اس مختصر لمحے کو سوشل میڈیا صارفین نے مختلف انداز میں پیش کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ امریکی صدر مبینہ طور پر چینی صدر کے خفیہ نوٹس دیکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔

تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ویڈیو تجزیاتی رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ درست نہیں ہے۔ سی این این کے مطابق جس نوٹ بک کو ویڈیو میں دیکھا گیا اس پر امریکی صدارتی مہر موجود تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ غالباً ٹرمپ کی اپنی تقریر کی فائل یا ترجمہ شدہ اسپیچ نوٹس تھے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بعد میں فوٹیج میں ٹرمپ کو وہی فائل لے کر اسٹیج کی جانب جاتے اور اپنی تقریر اسی میں سے پڑھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

سی این این کی وضاحت کے باوجود یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے اور صارفین مختلف آراء اور قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے تعلقات عالمی سطح پر مسلسل توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور دونوں رہنماؤں کی ہر عوامی ملاقات کو باریک بینی سے دیکھا جاتا ہے۔

Read Comments